نان فائلرکیٹیگری ختم کرنے کا فیصلہ خوش ، فائلر بننے کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے ‘ لاہور ٹیکس بار

جمعہ 27 ستمبر 2024 11:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2024ء) لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے نان فائلر کیٹیگری ختم کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں کہیں بھی نان فائلر کا تصور نہیں ہے ، تاہم فائلر بننے کے لئے بھرپور آگاہی مہم چلانے اور مہلت دئیے بغیر پابندیوں کے حوالے سے اقدامات انسانی حقوق اور آئین کی خلاف ورزی ہوگی ۔

لاہور ٹیکس بار کے صدر شہباز صدیق،نائب صدر انیب اختر انصاری ،جنرل سیکرٹری میاں محمد زاہد،فنانس سیکرٹری محمد حسن یوسف اورجوائنٹ سیکرٹری احمد رضا نے اپنے مشرکہ بیان میں کہا کہ نان فائلر زکو ٹیکس نیٹ میں لانا حکومت اور ایف بی آر کی ذمہ داری تھی جو وہ ادا نہیں کر سکے اور اپنی کمزوریوں کو چھپانے کے لئے اب کڑی شرائط عائد کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت اور ایف بی آر کے پاس قابل ٹیکس آمدن رکھنے والے ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد کا ڈیٹا موجود ہے جس کا کئی بار اظہار بھی کیا جا چکا ہے اور اگر معلومات ہونے کے باوجود یہ افراد ٹیکس نیٹ میں نہیں آتے تو یہ حکومت کی کمزوری ہے۔انہوںنے کہا کہ تمام ٹیکس بارز بار بار مطالبہ کرتی آ رہی ہیں ٹیکسز کے ریٹس سنگل ڈیجٹ کیے جائیں تاکہ ٹیکس چوری کو بچایا جا سکے اور عوام خوشی سے ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں ،حکومت کی بے جا شرائط اور سختی کرنے سے وقتی فائدہ تو حاصل ہو جائے گا لیکن اس کے دوررس اورمثبت نتائج نہیں ہوںگے ۔

حکومت پہلے اشرافیہ کو ٹیکس نیٹ میں لائے اورصرف غریب اور کمزور کو نشانے پر نہ رکھے ۔حکومت اسٹیک ہولڈرز،ٹیکس بارز ،چیمبرز اورٹیکسیشن انسٹی ٹیوٹ سے مل کر معاشی پالیسیاں اور ٹیکس قوانین اور ٹیکس ریٹس مقرر کیے جائیں تو کئی گنا زیادہ ٹیکس پیئر اور ریونیو گروتھ ممکن ہو سکتی ہے۔