سیاست ضرور کریں مگر سب سے پہلے ملک کا سوچیں،سب جماعتوں کو ملک کی خاطر اکٹھا ہونا چاہیے‘ گورنر پنجاب

احتجاج اپوزیشن کا حق ہے لیکن ٹیبل پر بیٹھ کر بات چیت کریں،چیزوں کو آگے کی طرف لیکر جائیں،ہٹ دھرمی کی سیاست سے نکلنا پڑے گا صدر زرداری کی قیادت میں بیٹھ جائیں، چیزیں ساری بہتر ہو جائیں گی، آئینی ترمیم ہونی چاہیے لیکن اتفاق رائے سے ہونی چاہیے ‘سلیم حیدر

منگل 1 اکتوبر 2024 19:15

سیاست ضرور کریں مگر سب سے پہلے ملک کا سوچیں،سب جماعتوں کو ملک کی خاطر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2024ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ ملکی ترقی اور معاشرتی اقدار کو برقرار رکھنے کے لیے خواتین کا تعلیم یافتہ ہونا بہت ضروری ہے، تعلیم قوموں کی ترقی اور کامیابی میں زینے کا کردار ادا کرتی ہے،نوجوان نسل پاکستان کو ایک قوم بنا کر دشمن کی ہر سازش کو ناکام بناسکتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے آج راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے پہلے کانووکیشن سے بطور چانسلر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ روالپنڈی ویمن یونیورسٹی کے پہلے کانووکیشن کی صدارت کرنا میرے لئے باعث افتخار ہے اور میں تمام کامیاب طالبات ، انکے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔اُنہوں نے کہا کہ آج تاریخی لمحہ ہے کہ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے پہلے کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ جب پاکستان بنا تو ایک یونیورسٹی تھی،جبکہ رواں برس تک ملک میں یونیورسٹیوں کی تعداد 265 ہے جو خوش کہ آئند بات ہے۔اُنہوں نے کہا کہ خواتین کو تعلیم سے آراستہ کرنے سے متعدل معاشرے کو وجود میں لایا جا سکتا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اساتذہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ کی تربیت کی ذمہ داری بھی نبھانا ہو گی۔اُنہوں نے کہا کہ انسان کی سب سے بڑی پہچان اسکا کردار ہوتا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیم سے منسلک افراد پیغمبروں کے شعبہ سے وابستہ ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان واحد مسلمان ملک ہے جو ایٹمی طاقت ہے اور اسلامی دنیا کی قیادت کر سکتا ہے لیکن اس کے لئے ملک میں امن وامان کا ہونا ضروری ہے۔ گورنر پنجاب نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہماری نوجوان نسل انشاء اللہ پاکستان کو ایک قوم بنا کردشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے میں بھر پور کردار ادا کرے گی۔

قبل ازیں،وائس چانسلر راولپنڈی ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر انیلہ کمال نے یونیورسٹی میں جاری پروگرامز کے حوالے سے گورنر پنجاب کو تفصیلاآگاہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اعلی تعلیم کی شرح کے اضافے میں ایچ ای سی کا کردار تعمیری ہے۔راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے پہلے جلسہ تقسیم اسناد میں فکیلٹی برائے سائنس اور فیکلٹی برائے ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز کی کل 847 طالبات کو ڈگریاں جاری کی گئیں جبکہ 10 طالبات کو سونے کے تمغات 09کو چاندی کے تمغات13 طالبات کو تیسری اور چوتھی پوزیشن کے سرٹیفکیٹس جبکہ 26 طالبات کو رول آف آنر عطا کیا گیا۔

گورنر پنجاب نے اس موقع پر طالبات میں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔بعد ازاں، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست ضرور کریں مگر سب سے پہلے ملک کا سوچیں۔اُنہوں نے کہا کہ شنگھائی کانفرنس منعقد ہونے جارہی ہے، سیاسی اختلافات بھلا کر سب جماعتوں کو ملک کی خاطر اکٹھا ہونا چاہیے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ احتجاج اپوزیشن کا حق ہے لیکن ٹیبل پر بیٹھ کر بات چیت کریں،چیزوں کو آگے کی طرف لیکر جائیں۔

اُنہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں نوابزادہ نصراللہ جیسی شخصیت کی ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت سے سب فائدہ اٹھائیں۔ وہ چیزوں کو جوڑ سکتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ہٹ دھرمی کی سیاست سے نکلنا پڑے گا اور میں مشورہ دوں گا کہ صدر زرداری کی قیادت میں بیٹھ جائیں، چیزیں ساری بہتر ہو جائیں گی۔ وائس چانسلرز والے معاملہ پر بہت بات ہو چکی ہے، میں یہ کہتا ہوں کہ سو فیصد میرٹ پر عمل ہو ۔

آئینی ترمیم ہونی چاہیئے لیکن اتفاق رائے سے ہونی چاہیئے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ آئینی ترامیم میں پی پی پی کی ایک ہی مقصداورسوچ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سی او ڈی ایک دستخط شدہ دستاویز یے ۔ ہم اپنا مقدمہ سب کے سامنے رکھ رہے ہیں اور اتفاق رائے سے چیزوں کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔