صدر ٹاؤن کے ملازمین کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ٹاؤن آفس اور چیئرمین آفس پر بھرپوراحتجاج

پیر 7 اکتوبر 2024 22:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2024ء) میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس کی کال پر صدرٹاون ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور میونسپل کمشنر کی عدم تعیناتی کے خلاف صدر ٹاؤن آفس اور چیئرمین آفس پر بھرپور احتجاج صدر میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس سیدذوالفقارشاہ کی قیادت میں کیا گیا۔ اس موقع پر شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔

مظاہرین نے ٹاؤن آفس کے گرد چکر لگایا اور کلک آفس میں قائم چیئرمین آفس پر بھی جاکر احتجاج کیا۔ اس موقع پر صدرٹاون کے چیف اکاؤنٹس آفیسر نعیم یوسفی نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور انہیں یقین دلایا کہ آئندہ ایک روز میں تنخواہیں ادا کردی جائیں گی اگر تنخواہیں ادا نہ کی گئیں تو ملازمین احتجاج میں حق بجانب ہونگے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سید ذوالفقارشاہ نے کہا کہ سولڈ ویسٹ سے آئے ہوئے ملازمین دوماہ اور دیگر شعبوں کے ملازمین ایک ماہ کی تنخواہ کی ادائیگی سے محروم ہیں۔

جبکہ میونسپل کمشنر کو چیف سیکرٹری سندھ نے معطل کرکے کسی دوسرے آفیسر کا تقرر نہ کرکے انتظامی بحران پیدا کردیا ہے۔ لہذا فوری طور پر تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے میونسپل کمشنر کا تقرر کیا جائے۔ آئندہ ایک روز میں تنخواہ کی ادائیگی کی یقین دہانی پر احتجاج بدھ تک موخر کردیا گیا۔ اس موقع پر شاہنواز، غلام حسین شاہ، عبدالحمید، عباس احمد، ریحان قاضی، ابراہیم یامین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اورمظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :