وزیراعلی بلوچستان کا دہشت گردوں کے خلاف فوری و موثر کارروائی کا حکم

دہشت گردوں نے ایک بار پھر غریب مزدوروں کو نشانہ بنا کر ظلم و بربریت کی انتہا کردی ، دہشت گردوں کا ایجنڈا پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

جمعہ 11 اکتوبر 2024 15:39

وزیراعلی بلوچستان کا دہشت گردوں کے خلاف فوری و موثر کارروائی کا حکم
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2024ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دکی میں بے گناہ مزدوروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ پر شدید اظہار برہمی کا اظہار اور دہشت گردوں کے خلاف فوری و موثر کارروائی کا حکم دے دیا ہے ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سیکورٹی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ مذکورہ علاقے کو سیل کرکے دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے۔

(جاری ہے)

یہاں جاری کردہ ایک بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں نے ایک بار پھر غریب مزدوروں کو نشانہ بنا کر ظلم و بربریت کی انتہا کردی ، دہشت گردوں کا ایجنڈا پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے، عام غریب مزدوروں کو سافٹ ٹارگٹ سمجھ کر نشانہ بنایا جاتا ہے دہشت گرد بزدل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گاایک ایک بے گناہ کے قتل کا حساب لیں گے بے گناہوں کا لہو رائیگاں نہیں جائے گادہشت گردوں کو ان بے گناہوں کا ناحق قتل لے ڈوبے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا قلع قمع کرکے ان کے وجود سے دھرتی کو پاک کریں گے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فتح حق کی ہوگی دہشت گردوں کو منہ کی کھانی پڑیگی۔