ایس سی او کے انعقاد سے دو طرفہ تعلقات کو فروغ اور اقتصادی مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت کو اجاگر ہوگا،خرم دستگیرخان

منگل 15 اکتوبر 2024 14:29

ایس سی او کے انعقاد سے  دو طرفہ تعلقات کو فروغ اور اقتصادی مواقع پیدا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2024ء) پاکستان مسلم لیگ(ن )کےسینئر رہنما خرم دستگیر خان نے حکومت کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس کی میزبانی پر فخر کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس سی او کے انعقاد سے دو طرفہ تعلقات کو فروغ اور اقتصادی مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت کو اجاگر ہوگا۔منگل کو نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ اس تاریخی اقدام کو چین سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں ایک اہم اقدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جن کے ساتھ ان کے گرمجوشی اور خوشگوار تعلقات رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایس سی او سربراہی اجلاس تجارت، معیشت، سرمایہ کاری، صنعت، تعلیم، دفاع، زراعت اور ثقافت جیسے اہم شعبوں میں قریبی تعلقات استوار کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم پیش کرتا ہے۔

(جاری ہے)

خرم دستگیر نے کہا کہ یہ ملک کے لیے فخر کا لمحہ ہےجو پاکستان میں دیگر اقوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس سی او سربراہی اجلاس چین، روس، بھارت اور بیلاروس سمیت رکن ممالک کے سرکردہ رہنماؤں کو اکٹھا کرتا ہے تاکہ سکیورٹی، معیشت اور ثقافت جیسے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سربراہی اجلاس کے دوران دارالحکومت کا متحرک ماحول پاکستان کی مہمان نوازی اور ساتھی رکن ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کرنے کی خواہش کا ثبوت ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے دوران قومی اتحاد اور پختگی کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے اس بین الاقوامی سمٹ کی میزبانی کی اہمیت کو اجاگر کیاجو کہ شریک ممالک میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔