ویمنز ٹی20 ورلڈکپ: والد کے انتقال کے بعد کپتان فاطمہ ثناء کی گراؤنڈ میں رونے کی ویڈیو وائرل

پاکستانی کپتان نے والد انتقال اور تدفین کے فوراً بعد کیویز کیخلاف میچ میں شرکت کی تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 15 اکتوبر 2024 14:48

ویمنز ٹی20 ورلڈکپ: والد کے انتقال کے بعد کپتان فاطمہ ثناء کی گراؤنڈ میں ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 اکتوبر 2024ء ) پاکستان ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء کی اپنے والد کے انتقال کے بعد اسٹیڈیم میں میچ شروع ہونے سے قبل قومی ترانہ پڑھتے وقت رونے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے فاطمہ ثناء کی ویڈیو جاری کی گئی اور ان کی ہمت و حوصلے کی داد دی گئی۔ 22 سالہ نوجوان کپتان فاطمہ ثناء کے والد گزشتہ ہفتے انتقال کرگئے تھے جس کے بعد وہ فوری طور پر دبئی سے کراچی پہنچیں۔

(جاری ہے)

تاہم نماز جنازہ اور تدفین کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف اہم میچ میں شرکت کے لیے واپس دبئی پہنچیں جہاں انہوں نے قومی ٹیم کی قیادت کی۔ میچ کے آغاز سے قبل گراؤنڈ میں فاطمہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور قومی ترانے کے دوران رو پڑیں، ان کی آنکھوں سے چھلکتے آنسو کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کے 110 رنز کے جواب میں قومی ٹیم 56 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ میچ میں شکست کے ساتھی ہی بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں دونوں ٹی20 ورلڈکپ 2024ء کی سیمی فائنل دوڑ سے باہر ہوچکی ہیں۔