کسانوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانا پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور میں شامل ہے، ایم این اے پیر آفتاب حسین شاہ جیلانی

UbaidUllah Kori عبید اللہ کوری منگل 15 اکتوبر 2024 17:36

میرپور خاص( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اکتوبر 2024ء ) ایم این اے پیر آفتاب حسین شاہ جیلانی نے کہا ہے کہ کسانوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانا پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور میں شامل  ہے  ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اجرک کلب ہال میں بینظیر ہاری کارڈ تقسیم کرنے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا. انہوں نے مزید کہا کہ  بینظیر ہاری کارڈ کی تقسیم چیئرمین پاکستان  پیپلز پارٹی  بلاول بھٹو زرداری کی غریب کسانوں سے والہانہ محبت کی عکاسی کرتی ہے انہوں نے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس پروگرام کی ز یادہ سے زیادہ تشہیر کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ کاشتکار اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں.

(جاری ہے)

قبل ازیں ایم پی اے ہری رام کشوری لال نے کہا کہ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی انتخابی مہم کے دوران عوام سے کئے بینظیر ہاری کارڈ کی تقسیم کے وعدے کو اج  پورہ کر دیا ہے اور کہا کہ پہلے مرحلے میں 25 ایکڑ سے کم زرعی زمین کے کاشتکار مستفید ہوں گے اور مزید  25 ایکڑ سے زائد کاشتکاروں کو فائدہ پہنچانے کے لیے مشاورت کے بعد پارٹی اعلی قیادت سے بات کی جائے گی.

اس سے قبل ڈویزنل کمشنر میرپور خاص فیصل احمد عقیلی نے کہا کہ زراعت کا شعبہ ملکی معیشت  میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور زراعت کے شعبے کی بہتری کے لیے صوبائی وزیر زراعت محمد بخش مہر کی کاوشیں قابل ستائش ہیں اور کہا کہ موجودہ وقت میں  کاشتکار جدید زرعی اصولوں کو نظر میں رکھتے ہوئے زراعت کی بہتری کے لیے کوشاں ہیں اور کہا کہ حکومت سندھ نے بینظیر ہاری کارڈ کی تقسیم کو اس میں شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے بینکنگ سسٹم متعارف کروایا ہے اس سے کاشتکاروں کو آسانی ہوگی.

اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل زراعت لور سندھ الہورایو رند اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن ذوالفقار علی جاگیرانی نے بتایا کہ 2022 کے شدید بارشوں میں 25 ایکڑ سے کم زرعی زمین رکھنے والے سندھ بھر کے 2 لاکھ 75 ہزار چھوٹے آبادگاروں کی رجسٹریشن کی گئی تھی جنہیں خریف کے فصلوں کو ہونے والے نقصانات کے حوالے سے حکومت سندھ کی جانب سے  سبسڈی  کے طور پر 5 ایکڑ فی کاشتکار کو گندم کی فصل کاشت کرنے کے لیے مفت بیج تقسیم کی گئی اس کے علاوہ فی کاشتکار کو حکومت سندھ کی جانب سے 60 ہزار نقد رقم بھی فراہم کی گئی تھی محکمہ زراعت حکومت سندھ کے فیصلے کے مطابق انہیں کاشتکاروں میں سندھ بینک کے تعاون سے بینظیر ہاری کارڈ تقسیم کئے جا رہے ہیں تاکہ محکمہ زراعت حکومت سندھ کی جانب سے زرعی شعبے میں دی جانے والی سبسڈی سے زیادہ سے زیادہ کاشتکار مستفید ہو سکیں اور اپنی زراعت کو مزید فروغ دے سکیں .

انہوں نے مزید کہا کہ آج بیک وقت  میرپورخاص سمیت سندھ بھر کے 6 ڈویژن ہیڈ کوارٹرز میں بینظیر ہاری کارڈ تقسیم کرنے کے تقریب منعقد ہو رہی ہے اور کہا کہ اس پروگرام کے تحت سندھ بھر کے14لاکھ 4ہزار422چھوٹے کاشتکاروں کی رجسٹریشن کی گئی ہے . بعد اذاں  ایم این اے پیز آفتاب حسین شاہ جیلانی، ایم پی اے ہری رام کشوری لال، ایم پی اے حاجی نور احمد بھرگڑی کے فرزند ڈاکٹر عدنان بھرگڑی، ڈویژنل کمشنر میرپور خاص فیصل احمد عقیلی ، ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نوید الرحمان لاڑک نے میرپورخاص اور عمرکوٹ کے 38 چھوٹے کاشتکاروں میں بینظیر ہاری کارڈ تقسیم کئے.

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن  میرپورخاص غلام مجتبی لاکھو، زرعی ماہر ڈاکٹر بھوانی شنکر، ڈائریکٹر پروڈکشن ہارٹیکلچر شفیق الرحمان میمن، گہرام بلوچ، ایڈیشنل کمشنر ٹو سونو خان چانڈیو اور متعلقہ افسران اور کاشتکاروں اور صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی.