صدر و نائب صدر لاہور ہایئکورٹ بار ایسوسی ایشن کی عمران ریاض ، ذیشان عزیز ، شاکر اعوان ، جمیل فاروقی ، مقدس فاروق سمیت صحافیوں پر مقدمات کی مذمت

حکومت اپنی نالائقی اور خفگی کو چھپانے کے لیے بے گناہ صحافیوں کو اس جھوٹے کیس میں شامل کر رہی ہے، ہم انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں فوری ان کے نام مقدمے سے خارج کیے جائیں؛ اسد منظور بٹ و سردار علی گہلن کا بیان

منگل 22 اکتوبر 2024 14:14

صدر و نائب صدر لاہور ہایئکورٹ بار ایسوسی ایشن کی عمران ریاض ، ذیشان ..
لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر 2024ء ) لاہور ہایئکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اسد منظور بٹ اور نائب صدر لاہور ہایئکورٹ بار ایسوسی ایشن سردار علی گہلن کی جانب سے صحافیوں کے خلاف مقدمے کی پر زور مذمت کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پنجاب کالج واقعے کے بعد صوبائی حکومت کی جانب سے کئی صحافیوں کے خلاف مقدمات کا اندراج کیا گیا، جن میں اردو پوائنٹ کے جی ایم سید ذیشان عزیز، سینئر صحافی و تجزیہ کار عمران ریاض خان، کورٹ رپورٹر شاکر اعوان، سینئر صحافی سمیع ابراہیم، مقدس فاروق اعوان، احتشام عباسی، اینکر پرسن جمیل فاروقی، فرح اقرار اور دیگر شامل ہیں، لاہور ہایئکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اسد منظور بٹ اور نائب صدر لاہور ہایئکورٹ بار ایسوسی ایشن سردار علی گہلن نے صحافیوں کے خلاف مقدمے کی پر زور مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)



اپنے ایک بیان میں لاہور ہایئکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اسد منظور بٹ نے کہا کہ صحافیوں کو ایف آئی اے سائبر کرائم نے پنجاب کالج کی پرنسپل کی مدعیت میں درج ہونے والی ایف آئی آر میں نامزد کیا ہے، میں سمجھتا ہوں یہ انتہائی زیادتی کی بات ہے، پچھلے کئی سالوں سے وہ صحافت کے شعبے سے وابستہ ہیں، اور ہم نے دیکھا ہے کہ اپنے شعبے میں انتہائی پروفیشنل صحافی کے طور پر امور سرانجام دیتے رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ بہت زیادتی کی بات ہے حکومت اپنی نالائقی اور خفگی کو چھپانے کے لیے بے گناہ صحافیوں کو اس جھوٹے کیس میں شامل کر رہی ہے، ہم اس کی پر زور مذمت کرتے ہیں، ہم صوبائی حکومت و انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور ان کے نام اس مقدمے سے خارج کیے جائیں کیوں کہ وہ بے گناہ ہیں۔