کپڑے اور چمڑے کی صنعت کا ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ہے، وزیراعلیٰ سندھ

بدھ 23 اکتوبر 2024 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2024ء) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی کپڑے اور چمڑے کی صنعت نہ صرف برآمدات کے لحاظ سے اہم ہیں بلکہ روزگار کی فراہمی، غربت کے خاتمے اور معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ 2024-2023 میں کپڑے کی برآمدات سولہ ارب ساٹھ کروڑ ڈالر تک جا پہنچیں جبکہ چمڑے کی صنعت نے 80 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ کمایا۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سینٹر میں پانچویں بین الاقوامی ٹیکسٹائل اور لیدر ایگزیبیشن ٹیکسپو 2024 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔نمائش کا انعقاد ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے وزارت تجارت کے تعاون سے کیا ہے۔کانفرنس میں وفاقی وزیربرائے تجارت جام کمال خان، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وفاقی اور صوبائی وزرا، سفارت کاروں اور بڑی تعداد میں غیرملکی وفود نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے 60 ممالک سے 500 بین الاقوامی وفود کو خوش آمدید کیا اور پاکستان میں کپڑے کے ورثے اور چمڑے کی کاریگری کی نمائش کےلیے ٹیکسپو کی اہمیت کو اجاگر کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے تاجر دوست ماحول کے فروغ اور متنوع برآمدی منڈیوں کےلیے حکومتی کوششوں کو اجاگر کیا اور نشاندہی کی کہ ٹیکسپو میں برازیل، ارجنٹینا اور فن لینڈ جیسی غیر روایتی منڈیوں کے وفود کی موجودگی پاکستان کی صنعت میں غیر ملکی دلچسپی کی عکاس ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے نمائش میں بین الاقوامی گروپوں آئیکیا، ایچ اینڈ ایم گروپ اور بوہو گروپ کی شرکت کو بھی سراہا جس سے عالمی مارکیٹ میں پاکستان کی ساکھ بہتر کرنے میں مدد ملےگی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ نمائش کا تھیم ’’پائیداری کی طرف پیش رفت‘‘ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کےلیے اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔انہوں نے عالمی حدت کے پاکستان پر اثرات اور ٹیکسٹائل اینڈ لیدر انڈسٹری میں موسم دوست پیداوار کے عزم کی بھی نشاندہی کی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسپو 2024 میں پائیداری پر سیمینارز اور مقامی کاریگروں کے تیار کردہ ملبوسات کی نمائش کےلیے فیشن شو بھی ہوگا۔وزیراعلیٰ سندھ نے وفاقی وزیر جام کمال کی قیادت میں ٹیکسپو کے انعقاد پر وزارت تجارت اور ٹڈاپ کی بھی تعریف کی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نمائش پاکستان کے ثقافتی ورثے اور پائیدار ترقی کے یقین کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کےلیے سودمند ثابت ہوگی۔ٹیکسپو 2024 سے 200 سے زائد پاکستان کی بڑی کمپنیوں کو بین الاقوامی خریداروں اور سرمایہ کاروں تک رسائی کا پلیٹ فارم فراہم کیا گیا ہے تاکہ وہ پاکستان کی ٹیکسٹائل اور لیدر سیکٹر کےلیے نئے مواقع تلاش کر سکیں۔