26ویں آئینی ترمیم پاکستان کی جمہوری تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے، رانا محمود اشرف

ہفتہ 26 اکتوبر 2024 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے این اے 73 کے ٹکٹ ہولڈر رانا محمود اشرف کی طرف سے 26ویں آئینی ترمیم کی دو تہائی اکثریت سے منظوری کی خوشی میں نجی کلب میں پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس کے مہمان خصوصی چیف کوآرڈینیٹر پی پی پی جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین تھے۔ تقریب میں چودھری سجاد نذیر، رانا فاروق اشرف، جمیل نورانی محمد اشرف خان فہیم ٹھاکر اور دیگر پارٹی عہدیداران اور میڈیا پرسنز نے شرکت کی۔

تقریب کے شرکا نے 26ویں ترمیم کی منظوری پر پارٹی قیادت، خصوصاً چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا محمود اشرف نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم پاکستان کی جمہوری تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

(جاری ہے)

عبدالقادر شاہین نے اپنے خطاب میں پیپلز پارٹی کی جمہوری جدوجہد اور عوامی حقوق کے تحفظ کے عزم کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ترمیم ملکی سیاست میں مثبت تبدیلی لائے گی اور پیپلز پارٹی کی عوام دوست پالیسیوں کو تقویت دے گی۔ اس موقع پر چودھری سجاد نذیر اور دیگر مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم پاکستان کی تاریخ میں سنگ میل ثابت ہوگی,تقریب کے اختتام پر شرکا نے آئینی ترمیم کی منظوری پر پارٹی کارکنان کو مبارکباد دی۔