بشریٰ بی بی کی ضمانت سے لگتا ہے کہ پوری دال ہی کالی ہے

26ویں آئینی ترمیم کے فوری بعد بشریٰ بی بی کی ضمانت ہوئی، بشریٰ بی بی کے فوری بعد بانی کی بہنوں کی ضمانتیں ہوئیں، 27ویں آئینی ترمیم بھی آج کل نہیں توسال یا پانچ سال بعد ہونی ہی ہے۔ گورنرخیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 30 اکتوبر 2024 19:46

بشریٰ بی بی کی ضمانت سے لگتا ہے کہ پوری دال ہی کالی ہے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اکتوبر 2024ء ) گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کی ضمانت سے لگتا ہے کہ پوری دال ہی کالی ہے، 26ویں آئینی ترمیم کے فوری بعد بشریٰ بی بی کی ضمانت ہوئی۔ انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں تین دن سے آگ لگی ہوئی ہے، پی ٹی آئی کی خیبرپختونخواہ میں 3 بار حکومت رہی لیکن ایک آگ پر قابو نہ پاسکی، وزیراعلیٰ کے پی نے ایک بار بھی متاثرہ جگہ کا دورہ نہیں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ27ویں آئینی ترمیم آج کل یا پانچ سال بعد ہونی ہی ہے، 26ویں آئینی ترمیم سب کے سامنے پاس ہوئی، 26ویں آئینی ترمیم میں سب سے زیادہ کردار بلاول بھٹو کا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی ضمانت سے لگتا ہے کہ پوری دال ہی کالی ہے ، 26ویں آئینی ترمیم کے فوری بعد بشریٰ بی بی کی ضمانت ہوئی، بشریٰ بی بی کے فوری بعد بانی کی بہنوں کی ضمانتیں ہوئیں، اب وہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ ہاؤس میں براجمان ہیں۔

(جاری ہے)

مزید برآں نیوز ایجنسی کے مطابق اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قیام امن پر وفاقی حکومت کو انتہائی سنجیدگی دکھانی ہوگی ۔ پی ٹی آئی کے جمعہ کے روز پشاور میں متوقع جلسے پر بات کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اس جلسے کی کامیابی کی امید اب پنجاب سے آنے والے کارکنان پر ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں خیبرپختونخوا کے فنڈز سے اسلام آباد پر چڑھائی کی جاتی تھی، مگر اب صورتحال بدل چکی ہے۔ گورنرخیبرپختونخوا نے سپریم کورٹ بار کے حالیہ انتخابات پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے پشاور میں آ کر الیکشن میں اپنی مقبولیت کی کمی کا سامنا کیا اور بار الیکشن ہار گئے۔ انہوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کا کریڈٹ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو جاتا ہے، مولانا فضل الرحمان نے بھی تسلیم کیا ہے، اب جمہوری قوتوں کو جب ضرورت ہوگی 27 آئینی ترمیم بھی آ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت اور خوراک کے حوالہ سے رپورٹس تسلی بخش ہیں، انہیں ان کے کئے کی سزا مل رہی ہے۔