قومی اسمبلی کا اہم اجلاس کل ہوگا ، 6 نکاتی ایجنڈا جاری

جمعرات 31 اکتوبر 2024 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اکتوبر2024ء) قومی اسمبلی کا اہم اجلاس کل (جمعہ) کی صبح 11بجے پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوگا ۔اجلاس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کریں گے ، اجلاس کے لئے 6 نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا ہے ۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق تلاوت ، حدیث ، نعت اور قومی ترانہ کے بعد وقفہ سوالات ہوگا جس کے بعد ایم این اے سبین غوری، فرحان چشتی، رعنا انصار، اور محمد معین عامر پیر زادہ کے بزنس ڈیٹا اینالسز اور دیگر ایسے نئے متعارف کردہ ڈگری کورسز کو بینو ویلینٹ فنڈ کے تحت وفاقی سرکاری ملازمین کے بچوں کی فیس اسکیم میں شامل نہ کئے جانے سے متعلق توجہ دلائو نوٹس پر بحث ہوگی ۔

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات سینیٹر سید محسن رضا نقوی انسداد دہشتگری ایکٹ ۱۹۹۷ء میں مزید ترمیم کرنے کا انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2024 پیش کرینگے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف و پارلیمانی امور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے 24 اپریل کو پیش کی گئی صدر مملکت آصف علی زرداری کے پارلیمنٹ کےمشترکہ اجلاس سے خطاب پر تحریک تشکر پر مزید بحث کی جائے گی ۔

اجلاس میں عمر ایوب خان، محمد احمد چٹھہ، زرتاج گل اور خواجہ شیر از محمود کی جانب سے ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل)، پرویژنل نیشنل آئیڈنٹیفیکیشن لسٹ (پی این آئی ایل) اور پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) میں قومی اسمبلی کے کئی اراکین کے نام شامل کئے جانے سے متعلق توجہ دلائو نوٹس ایجنڈے میں شامل ہے ۔