Live Updates

کیا اس پاکستان کیلئے جدوجہد کی گئی تھی؟ سلمان اکرم راجہ کا انتظار پنجوتھہ واقعے پر سوال

آج انتظار پنجوتھہ اغواء ہوا کل آپ اور پرسوں میں ہوں گا، اغواء کار کون ہے یہ میں بھی جانتا ہوں اور آپ بھی؛ نامزد سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 3 نومبر 2024 15:12

کیا اس پاکستان کیلئے جدوجہد کی گئی تھی؟ سلمان اکرم راجہ کا انتظار پنجوتھہ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 نومبر 2024ء )  پاکستان تحریک انصاف کے نامزد سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا انتظار حسین پنجوتھہ ایڈووکیٹ کے واقعے پر ردعمل سامنے آگیا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انتظار حسین پنجوتھہ ایڈووکیٹ عمران خان کی قانونی ٹیم کے کلیدی رکن ہیں، آج سے چار ہفتے قبل ان کو اغواء کیا گیا اور گزشتہ رات انہیں بازیاب کیا گیا، جس حالت میں اور جس ڈرامے کے ذریعے ان کو بازیاب کیا گیا یہ شرمناک ہے، یہ واقعہ ہم سب کو یہ بتاتا ہے کہ ہم اس ملک کے غلام ہیں اور ہماری زندگیوں کے ساتھ کچھ بھی کیا جاسکتا ہے کچھ بھی کھلواڑ ہوسکتا ہے، ہم سے یہ توقع ہے کہ ہم اچھے بچے بن کر سر جھکاکر فرمانبردار ہوجائیں۔

سلمان اکرم راجہ کہتے ہیں کہ آج ہمارے سامنے ایک وحشت زدہ چہرہ ہے، ایک ایسے شخص کا چہرہ ہے جس نے عمران خان کا ساتھ دیا، جو قانون کا طالب علم ہے قانون دان ہے، اس کے ساتھ جو کچھ ہوا جو زخم اس کو پہنچائے گئے یہ سب زخم ہماری شرافت پر لگائے گئے ہیں، یہ زخم ہمارے قانون کے تصور پر لگائے گئے ہیں، انسانیت کے تصور پر لگائے گئے ہیں، ایک جھوٹے انکاؤنٹر کے ذریعے کہا گیا کہ ہم نے ان کو بازیاب کیا ہے مغوی سے تاوان مانگا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ان کے خاندان سے ان چار ہفتوں کے دوران کسی نے ایک روپیہ بھی بطور تاوان نہیں مانگا، یہ سب جھوٹ پر مبنی ایک کہانی ہے، اصل اغواء کار کون ہیں یہ آپ اور میں جانتے ہیں، اب ہم نے یہ فیصلہ کرنا ہے کہ کیا ہم نے ایسے ہی زندگیاں گزارنی ہیں؟ کل آپ اغواء ہوں گے اس سے اگلے دن میں اغواء ہوجاؤں گا، اس کے بعد اسی بے چارگی کی حالت میں ہمیں ڈھونڈا جائے گا، ہمیں پیش کیا جائے گا، ہماری ویڈیو بنائی جائے گی، ہمیں تمام دنیا کے سامنے ایک عبرت کا نشان بنا کر پیش کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی کے نامزد سیکریٹری جنرل نے کہا کہ میں آپ سب سے درخواست کرتاہوں، پاکستان کے اندر پاکستان سے باہر موجود میرے بھائیو میری بہنوں جو کوئی بھی پاکستان کے لیے درد رکھتا ہے سوچے کہ آج ہم کہاں کھڑے ہیں؟ ہمارے ساتھ کیا ہورہا ہے؟ کیا یہ زندگی ہے جو ہم اس ملک میں گزارنا چاہتے ہیں؟ کیا جس کے ہم کوشاں ہیں یہ پاکستان کا مقصد اور تصور ہے؟۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات