پاکستان نے معاشی استحکام اور سفارتی کامیابیوں کی تاریخ رقم کی ، ملکی معیشت کے تمام اشاریے مثبت ہیں ، ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے،وزیر اعظم شہباز شریف کی سیاسی رہنمائوں سے گفتگو

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 19:52

پاکستان نے معاشی استحکام اور سفارتی کامیابیوں کی  تاریخ رقم کی ، ملکی ..
جہانیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2025ء) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے معاشی استحکام اور سفارتی کامیابیوں کی تاریخ رقم کی ہے ، ملکی معیشت کے تمام اشاریے مثبت ہیں اور ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے ، بھارت کے خلاف معرکہ حق میں پاکستان نے تاریخی فاتح حاصل کی اور بھارت کو ایسی شکست دی جسے وہ تاقیامت یادکھے گا، محنت اور لگن سے پاکستان دنیامیں وہ مقام حاصل کرے گا جس کا خواب قائداعظم اور علامہ اقبال نے دیکھا تھا۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے جہانیاں میں رکن قومی اسمبلی چوہدری افتخار نذیر کے گھر آمد کے موقع پر سیاسی رہنمائوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب میں اکثریت ہے اور وفاق میں مخلوط حکومت ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ان کی ٹیم شبانہ روز محنت کر رہی ہیں اور حالیہ سیلاب کے دوران انہوں نے بڑی محنت کی ہے ، گذشتہ روز اسلام آباد میں اجلاس کے دوران وزرائے اعلیٰ کی موجودگی میں حالیہ سیلاب کے دوران خصوصی طور پر ڈیڑھ سال کی کارکردگی کو سراہا گیا اور وزیر اعلیٰ سندھ کی خدمات کی بھی تائید و تعریف کی گئی ۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پورے پنجاب کی خدمت میں مصروف ہیں ، ٹرانسپورٹ کاجال بچھایا جارہا ہے جس سے عام آدمی کوسہولت ملے گی ۔ اسی طرح صحت ، تعلیم اور مواصلات کے شعبوں میں بھی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں جو قابل تعریف ہیں۔وزیر اعظم نے کہاکہ اسی طرح ہم سب مل کر وفاق میں ملک کی خدمت میں مصروف عمل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ نتیجہ امانت ، دیانت اور خلوص نیت کیساتھ ساتھ شبانہ روز محنت سے حاصل ہوا ہے ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے ابھی چند مہینے پہلے پاکستان کو عظیم فتح سے نوازا ہے ۔ ہندوستان کے ساتھ جنگ میں جس طرح اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو فتح نصیب کی یہ اس مالک کا کرم ، 24کروڑ عوام کی دعائوں اور افواج پاکستان کی دلیرانہ حکمت عملی کا نتیجہ ہے اور پاک فضائیہ ،بحریہ اور بری افواج کے جری جوانوں اور افسران نے ایک تاریخ رقم کی اور ہمارے سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فرنٹ سے لیڈ کیا ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ ہم نے اللہ تعالیٰ سے مدد مانگی اور جرات اور قیادت کے ذریعے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو اور ان کے شاہینوں نے وہ کامیابی کے جھنڈے گاڑے کہ بھارت آج بھی اس شکست سے باہر نہیں نکل سکا اور قیامت تک نہیں نکل سکے گا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ اسی طرح جب ہم نے اقتدار سنبھالا ، معاشی بحران کے بہت مشکل چیلنجز تھے ،آئی ایم ایف کا پروگرام لینا پڑا اور الحمد اللہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے نکالا اور آج ہماری معیشت کے اشاریے بہت بہتر ہیں ،معاشی استحکام کی جانب آگے بڑھ رہے ہیں ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ ہماری قومی معیشت ترقی کی طرف تیزی سے آگے بڑھے گی ،یہ بہت بڑا چیلنج اور عزم ہے جس کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سفارتی محاذ پر بھی اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو وہ کامیابیاں عطاء کیں جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ جو ہمارا دفاعی معاہدہ ہوا ہے اور سعودی عرب نے پاکستان کے عوام ، بھائیوں اور بہنوں پر جو محبت کے پھول نچھاور کئے اس سے پہلے دیکھتی آنکھوں نے اس طرح کا استقبال کبھی نہیں دیکھا ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیا اور عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں ،اسی طرح واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوئی اور غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ، ہم سب نے ملکر امریکی صدر سے کہاکہ یہ جنگ بند کرانا بہت بڑی خدمت ہوگی جس پر امریکی صدر نے وعدہ کیا کہ وہ جنگ بندی کیلئے کوشاں ہیں اور آج الحمد اللہ جنگ بند ہو چکی ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جنگ بندی سے ایک منٹ قبل بھی بچوں اور بچیوں کو شہید کیا جارہا تھا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ یہ بہت بڑی خدمت ہے جس کا اجر ان تمام لوگوں کو ملے گا جنہوں نے جنگ بندی میں کردار ادا کیا اور پاکستان نے بھی اس میں اپنا حصہ ڈالا۔وزیر اعظم نے کہا کہ یقیناً یہ کریڈٹ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جاتا ہے جنہوں نے اس عمل کی قیادت کی اور ہماری موجودگی میں جنگ بندی کا معاہدہ ہوا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا بھر کے لیڈر وہاں موجود تھے لیکن اللہ تعالیٰ نے خاص کرم سے پاکستان کو عزت عطا فرمائی اور پروگرام سے ہٹ کر اگر دنیا کے کسی لیڈر نے خطاب کیا تو وہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو موقع دیا اور یہ محنت اور اخلاص کا نتیجہ ہے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اگر ہم سب ملکر یہ فیصلہ کرلیں کہ ہم نے پاکستان کی معاشی تقدیر بدلنی ہے تو جس طرح ہم نے جنگ میں فتح حاصل کی ،اسی طرح ہم معاشی میدان میں بھی ملکر کوشش کر کے کامیاب ہونگے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نئے وزیر اعلیٰ کے پی کے کو میں نے مبارکباد دی ہے اور کہا کے آپ کو صوبائی اسمبلی نے منتخب کیا اور ہمارے لیے محترم ہیں اور پاکستان کے بہترین مفاد میں ہم سب ملکر کام کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں ، پاکستان کی عزت ہے تو ہم سب کی عزت ہے اس لیے سب اختلافات بھلا کر پاکستان کی تقدیر بدلنے اور قائد اعظم اور ڈاکٹر علامہ اقبال کے خوابوں کی تعبیر کرنی ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم ملکر محنت کریں گے تو پاکستان انشاء اللہ اقوام عالم میں اپنا مقام حاصل کرے گا ۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی چوہدری افتخار نذیر،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان ،وزیر مملکت عبدالرحمان کانجو ، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان ، معاون خصوصی طلحہ برکی ،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور جہانیاں کے معززین علاقہ بھی موجود تھے ۔