فیصل آباد سمیت بیشتر اضلاع میں سموگ اورچند مقامات پر صبح کے اوقات میں دھند کا امکان

جمعہ 8 نومبر 2024 14:53

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 نومبر2024ء) محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران فیصل آباد،جھنگ سمیت اکثر اضلاع میں موسم خشک، سموگ اورچند مقامات پر صبح کے اوقات میں دھند کا امکان ظاہر کیا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے ترجمان نے کہا ہےکہ فیصل آباد، جھنگ،سیالکوٹ،نارووال، گوجرانوالہ،لاہور،قصور ، اوکاڑہ، سرگودھا،شیخوپورہ، ساہیوال،بہاولپور، ملتان،رحیم یار خان،ڈی جی خان اور گردونواح میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور سموگ چھائے رہنےجبکہ فیصل آباد، شیخوپورہ،ساہیوال،بہاولپور، ملتان اور گردو نواح میں چند مقامات پر صبح کے اوقات میں دھند کابھی امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور پہاڑی علاقوں میں صبح اوررات کے اوقات میں موسم سرد رہنے کاامکان ہے۔علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح ورات کے اوقات میں موسم سرد رہے گا۔