اسلام آباد چیمبر ملکی اقتصاد ی ترقی اور نوجوانوں کو با اختیار بنانے کیلئے پر عزم ہے، زبیر احمد ملک

جمعہ 8 نومبر 2024 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 نومبر2024ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے سابق صدر زبیر احمد ملک نے کاروباری لاگت کو کم کرنے، قواعد و ضوابط کو آسان بنانے، مالیات تک مساوی رسائی کو فروغ دینے اور پاکستانی اداروں کے لیے ایک منصفانہ مسابقتی ماحول کو مضبوط بنانے کے لیے چیمبر کے عزم کو اجاگر کیا ہے ۔

''Ipsos گلوبل ٹرینڈز'' سروے کے آغاز کے موقع پر اپنے خطاب میں زبیر احمد ملک نے مضبوط اکیڈمیا-انڈسٹری روابط کو فروغ دینے، سٹارٹ اپ ایکو سسٹم کی حمایت اور کاروباری اقدامات کی حوصلہ افزائی کے لیے اسلام آباد چیمبر کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک بامعنی کیرئیر کے طور پر انٹر پرینیورشپ کی وکالت کرتے ہوئے کاروبار کی ملکیت کو روایتی سرکاری ملازمت کے ایک زبردست متبادل کے طور پر پیش کیا اور Ipsos کی عالمی مہارت کو بھی سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس مطالعہ کے نتائج میں پاکستان کی کاروباری برادری کو اقتصادی قوت اور سماجی بہبود کو آگے بڑھانے کے لیے قابل قدر بصیرت فراہم ہو گی۔اس ہائی پروفائل ایونٹ سے ممتاز مقررین بشمول Ipsos کے گلوبل چیف نالج آفیسر سائمن اٹکنسن اور Ipsos پاکستان کے سی ای او عبدالستار بابر نے بھی خطاب کیا۔ عدم مساوات اور موسمیاتی تبدیلی کے خدشات کے باوجود پاکستانی عوام پر عزم ہیں اورجدت آمیزی ، ٹیکنالوجی سے استفادہ اور ترقی و خوشحالی کے لئے پر امید ہیں۔

یہ مطالعہ ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے، نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے اور سماجی و اقتصادی تفاوت کو دور کرنے کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔زبیر احمد ملک نے کہا کہ یہ سروے پالیسی سازوں، کاروباری رہنماؤں اور ماہرین تعلیم کے لیے ایک روڈ میپ پیش کرتا ہے تاکہ پائیدار اقتصادی اور سماجی ترقی کو آگے بڑھایا جا سکے۔تقریب میں آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹوز، ممبرز اور کاروباری برادری کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔