دھرنوں سے تو صرف عوام اور ملک کا نقصان ہوتا ہے،چوہدری عابد شیرعلی

فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں نئی سیوریج لائنیں ڈلوائی جائیں گی اور پرانی سیوریج لائنوں پر کام کیا جائے گا

اتوار 10 نومبر 2024 10:40

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2024ء) پا کستا ن مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما ء و سابق وزیرمملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیرعلی نے کہا ہے کہ تبدیلی عوامی مسائل حل کرنے سے آتی ہے‘ دھرنوں سے تو صرف عوام اور ملک کا نقصان ہوتا ہے،وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف فیصل آباد کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ ہیں‘ سی سی 110 کے لوگ میاں محمد نواز شریف سے محبت کرتے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ اپنے قائد کے شیروں کو ووٹ دے کر کامیاب کروایا ہے‘یہاں کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے، تفصیلات کے مطا بق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق ڈپٹی میئر ملک اکبرغوری کے ہمراہ این اے 102 کی سٹی کونسل 110 محلہ سانگلہ میںنئی تعمیرکی گئی PCC گلیوں کے افتتاح کے موقع پر کیا‘ اس موقع پر سابق کونسلرز محمد فیاض‘ محمد اکرم‘ غفاری‘ منشا جٹ‘ ڈاکٹر آصف پی اے ٹو عابد شیرعلی‘ اویس انصاری‘ چاچامنور‘ جنید اکبر غوری‘ محمد اویس و دیگر شخصیات بھی موجود تھیں‘ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی این اے 102 کے لوگوں سے محبت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ میرے کہنے پر 11 ارب روپے کا سیوریج منصوبہ منظور ہو چکا ہے جس سے فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں نئی سیوریج لائنیں ڈلوائی جائیں گی اور پرانی سیوریج لائنوں پر کام کیا جائے گا‘ انہوں نے کہا کہ جب بھی میرا قائد میاں محمد نواز شریف حکومت میں آیا فیصل آباد میں بڑے بڑے ترقیاتی پراجیکٹس لگے‘ چلڈرن ہسپتال‘ کینال ایکسپریس وے‘ انڈر پاس‘ اووربرج‘ آئی ٹی یونیورسٹی جیسے میگا پراجیکٹس مسلم لیگ (ن) کا خاصا ہے‘ ہم باتیں نہیں کام کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ حلقہ کے لوگ ہم سے محبت کرتے ہیں‘ جب بھی ہم یہاں کے لوگوں کے پاس ووٹ کیلئے آئے ہیں انہوں نے جھولیاں بھربھر کر ہمیں ووٹ دیئے ہیں اور ہمیں کامیاب کروا کر اسمبلیوں میں پہنچایا ہے‘ ہم عوام کا پیسہ عوام پر لگا رہے ہیں ہم کوئی احسان نہیں کر رہے‘ انہوں نے کہا کہ الیکشن مہم میں ہم نے اپنے حلقے کے لوگوں سے جتنے وعدے کئے تھے وہ ہرصورت پورے کئے جارہے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ تبدیلی عوامی مسائل حل کرنے سے آتی ہے‘ دھرنوں سے تو صرف عوام اور ملک کا نقصان ہوتا ہے‘ اس موقع پر سابق ڈپٹی میئر محمد اکبر غوری نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا ہے‘ حالات جیسے بھی ہوں ہمارے قدم کبھی نہیں ڈگمگائے ‘ ہم چوہدری شیرعلی‘ چوہدری عابد شیرعلی سے محبت کرتے ہیں اور اس محبت کا ثبوت ہم ہر الیکشن میں ووٹ کی پرچی سے دیتے ہیں‘ چوہدری عابد شیرعلی آج بھی ہمارا ایم این اے ہے‘ کیونکہ یہاں سے جیت کر جانے والا روپوش ہے‘ اس نے کامیابی کے بعد علاقے کا رخ نہیں کیا اور لوگ اپنے گمشدہ ایم این اے کو ڈھونڈتے پھرتے ہیں‘ اس الیکشن میں حلقے کے لوگوں سے جو غلطیاں ہوئی ہیں آنے والے الیکشن میں اس کا ازالہ کریں گے اور چوہدری عابد شیرعلی کو کامیاب کروائیں گے۔