ٰتعلیم کا مقصد صرف ڈگری نہیں، فرد کی ذہنی، اخلاقی، اور معاشرتی تربیت بھی ہے‘ایڈیشنل چیف سیکرٹری

اتوار 10 نومبر 2024 16:05

س*ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 نومبر2024ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہا ہے کہ تعلیم اندھیروں کو دور کر کے قوموں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتی ہے۔ تعلیم کا مقصد صرف ڈگری حاصل کرنا نہیں، بلکہ فرد کی ذہنی، اخلاقی، اور معاشرتی تربیت بھی ہے جو کہ ایک خوشحال اور مہذب معاشرے کے قیام کے لئے ضروری ہے۔وہ پنجاب کالجز کے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کرام کو یادگاری شیلڈز دینے اور طالبات کے اعزاز میں ویلکم پارٹی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں سینکڑوں طالبات نے شرکت کی جنہوں نے اپنے ٹیچرز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ڈائریکٹر پنجاب کالجز اسامہ بشیر بھی تقریب میں موجود تھے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اساتذہ کرام معاشرے کا انتہائی پڑھا لکھا اور قابل احترام طبقہ ہیں جو قوم کے معماروں کی تربیت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے طالبات کو مخاطب کرتے ہو? کہا خواتین ہماری آبادی کا نصف سے زائد حصہ ہیں اور یہ بات طے ہے کہ خواتین کی شرکت کے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔

فواد ہاشم ربانی نے زور دیکر کہا کہ خواتین کو آگے بڑھنا ہوگا اور ہر شعبہ میں کردار ادا کرکے پاکستان کو معاشی لحاظ سے خوشحال اور مضبوط بنانا ہوگا۔ان کے الفاظ تھے ''آپ کسی سے کم تر نہیں ہیں، آپ نے اپنے اندر اعتماد پیدا کرنا ہے، اور ہر مقام پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانا ہی''۔انہوں نیخواتین کے لئے تعلیم کی اہمیت کے حوالے سے کہا کہ ایک مرد کو تعلیم دینا ایک فرد کو تعلیم دینا ہے جبکہ ایک عورت کو تعلیم دینا ایک خاندان کو تعلیم دینے کے مترادف ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے کہا کہ تمام پرائیوٹ تعلیمی ادارے تعلیم کے شعبے میں بہترین کردار ادا کر رہے ہیں اور ان میں پنجاب کالجز کا نام نمایاں ہے۔ پنجاب کالجز نے نہ صرف اعلیٰ معیارِ تعلیم کو برقرار رکھا ہوا ہے بلکہ باصلاحیت سٹوڈنٹس کو مفت تعلیم فراہم کر کے خدمتِ خلق کا فریضہ بھی سرانجام دے رہا ہے۔ اس ادارے سے فارغ التحصیل سینکڑوں نوجوان آج مختلف شعبوں میں کامیابی کے ساتھ خدمات انجام دے رہے ہیں جس کے لئے پنجاب کالجز کی انتظامیہ اور اساتذہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

تقریب میں بورڈ امتحانات کے نتائج میں پوزیشن ہولڈرز کی بنیاد پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کرام کو شیلڈز اور تعریفی سرٹیفکیٹ دئے گئے۔ تقریب سے ڈائریکٹر پنجاب کالجز پروفیسر اسامہ بشیر قریشی، پرنسپل پروفیسر سائمہ فیاض اور طالبات نے خطاب کیا نقابت کے فرائض پروفیسر مہوش پاشا نے ادا کیے۔