گورنر خیبرپختونخوا کا دورہ مردان،سابق وزیراعلی امیر حیدر ہوتی سے ملاقات

منگل 12 نومبر 2024 15:49

گورنر خیبرپختونخوا کا دورہ مردان،سابق وزیراعلی امیر حیدر ہوتی  سے ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2024ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کندی نے کہا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ سے صوبے کے امن وامان اور معاشی صورتحال کے حوالے سے بات چیت کی ،ہم چاہتے ہیں کہ تمام سیاسی قوتیں ملکر صوبے کے امن اور ترقی کےلئے کام کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ مردان میں سابق وزیر اعلی خیبرپختونخوا امیر حیدر ہوتی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

گورنر ہاؤس پشاور سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق اس موقع پرگورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سابق وزیراعلی امیر حیدر خان ہوتی سے ملاقات کی۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کندی نے کہا کہ اے این پی کیساتھ مل جل کر پہلے بھی کام کیا اب بھی کام کرینگے ،مستقبل میں بھی اکٹھے تھے اور حال میں بھی اکٹھے ہیں، صوبے اور ملک کی ترقی کےلئے اکٹھے رہینگے،امیر حیدر خان ہوتی نے 2008 سے 2013 میں صوبے کی خدمت کی،امیر حیدر خان ہوتی نے سکیورٹی فورسز و عوام کیساتھ ملکر صوبے میں امن بحال کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنوبی اضلاع سمیت صوبے میں اس وقت امن وامان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے،صوبے کے 10 کالجز امن و امان کی خراب صورتحال کی وجہ سے بند کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ مرکز اور صوبے کے مابین اچھا تعلق ہونا چاہیئے،خیبرپچتونخوا میں کاروباری افراد صوبائی حکومت کی کارکردگی سے مایوس ہیں اور شدید مشکلات سے دوچار ہیں،کاروباری افراد کے مسائل کو حل کرنے کے لئے مرکز سے بھی بات کی ہے، صوبے کوبھی توجہ دینی چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبے میں امن وامان کے قیام کی ذمہ داری صوبے کی ہے۔انہوں نے کہا کہ24 یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر نہیں ہے جبکہ چند مہینوں کے بعد مزید وائس چانسلرز کی مدت ملازمت پوری ہونے پر اس کی تعداد 34ہوجائے گی۔