جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کو 4 صوبائی حلقہ جات میں تقسیم کرنے کا فیصلہ، امراء تقرر و حلف برداری کا مرحلہ مکمل

بدھ 13 نومبر 2024 19:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2024ء) جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ نے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کو4صوبائی حلقہ جات میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کردیا، جس کے بعد صوبائی مجلسِ شوریٰ کے اجلاس میں چاروں صوبائی حلقوں کے لیے امراء کے تقرر اور حلف برداری کا مرحلہ بھی انجام کو پہنچ گیا۔ بدھ کے روز مرکز اسلامی پشاور میں امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان کی صدارت میں جماعت اسلامی کی صوبائی مجلس شوریٰ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن اور مرکزی سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

اجلاس میں صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع اور سابق صوبائی وزیر عنایت اللہ خان سمیت نائب امراء اور ڈپٹی سیکرٹریز بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مرکزی مجلس عاملہ کے فیصلے کی روشنی میں خیبر پختونخوا کو چار صوبائی حلقوں خیبر پختونخوا ہزارہ، خیبر پختونخوا وسطی، خیبر پختونخوا شمالی اور خیبر پختونخوا جنوبی میں تقسیم کیا گیا۔جماعت اسلامی خیبر پختونخوا جنوبی کے لیے پروفیسر محمد ابراہیم خان کو نگران امیر مقرر کیا گیا۔

جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی کے لیے عبدالواسع، جماعت اسلامی خیبر پختونخوا شمالی کے لیے عنایت اللہ خان اور جماعت اسلامی ہزارہ کے لیے عبدالرزاق عباسی کا نگران امراء کی حیثیت سے تقرر عمل میں لایا گیا۔ چاروں امراء نے اپنی اپنی ذمہ داریوں کا حلف اٹھایا۔ بعد ازاں پروفیسر محمد ابراہیم خان نے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر کی حیثیت سے بھی ذمہ داری کا حلف اٹھایا۔