Live Updates

ایچ ای سی کا تدریسی معیار کی بہتری کے لئے تربیتی پروگرام کا آغاز

بدھ 27 نومبر 2024 19:27

ایچ ای سی کا تدریسی معیار کی بہتری کے لئے تربیتی پروگرام کا آغاز
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2024ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے اپنے عالمی بینک کے تعاون سے چلنے والے پراجیکٹ ہائر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ ان پاکستان (ایچ ای ڈی پی) کے ذریعے الحاق شدہ اعلیٰ تعلیمی کالجوں اور یونیورسٹیوں میں عملِ تدریس کے معیار کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئےکوالٹی بہتر بنانے والے یونٹس کا قیام اور ان کی استعداد کار بڑھانےکےمنصوبے پرعمل شروع کردیا ہے،درجہ سوئم سطح کے یہ ادارے اکثر وسائل کی کمی کا شکار ہوتے ہیں اور انہیں مسلسل مدد کی ضرورت ہوتی ہے، ملحقہ یونیورسٹیوں میں قائم کئے گئے کوالٹی انہانسمنٹ سیلز ملحقہ کالجوں کے اپنے فروغ معیار یونٹس کو معاونت فراہم کریں گے، یہ سیلز الحاق شدہ کالجوں میں دی جانے والی تعلیم کے معیار کے مختلف پہلوؤں کی نگرانی کریں گے جس میں اساتذہ کی قابلیت، امتحانی نظام اور نصاب کی تیاری وغیرہ شامل ہیں،ان یونیورسٹیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے الحاق شدہ کالجوں میں مجاز پروگراموں کی تعلیم کے معیار کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

فروغ معیار کے یہ یونٹ وقتاً فوقتاً کالجوں کی طرف سے کی جانے والی تمام تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہیں اور خود تشخیصی رپورٹیں تیار کرتے ہیں، ان رپورٹس میں پروگرام کے مقاصد، سیکھنے کے نتائج، فیکلٹی کی دستیابی، مطلوبہ مواد کی مطابقت اور درکار وسائل کے لحاظ سے پیش کردہ پروگرام کا جائزہ شامل ہوتا ہے۔اس سلسلے میں ایک تربیتی منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت پہلا گروپ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں بلوچستان، گلگت بلتستان، اسلام آباد/راولپنڈی، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے HEIs کے 40 سے زائد نمائندوں نے شرکت کی۔

ماہر تربیت کاروں کے علاوہ ایچ ای سی کے ڈپٹی ڈائریکٹر کوالٹی ایشورنس ایجنسی آغا محمد رضا، ڈپٹی ڈائریکٹر کوآرڈینیشن ڈویژن شعیب ارشاد اور ایچ ای ڈی پی کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر ارشد بشیر نے مختلف تربیتی نشستوں کی رہنمائی کی،ان تربیتی پروگراموں میں جن اہم موضوعات کا احاطہ کیا گیا ان میں اعلیٰ تعلیم میں معیار کی یقین دہانی، QECs کے کردار اور ذمہ داریاں، QA کے عمل کا نفاذ و نگرانی اور معیار کی بہتری کے لئے عملی منصوبہ بندی شامل ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈوائزر گلوبل انگیجمنٹ اور پروجیکٹ کوآرڈینیٹر ایچ ای ڈی پی اویس احمد نے کہاکہ یونیورسٹی ہی آخر کار طلباء کو کامیابی کی سند دیتی ہے، یہ امر الحاق شدہ کالجوں کے لئے اس لئے اہم کہ ان کی فراہم کردہ تعلیم کا معیار بہت عمدہ ہو۔ اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ الحاق شدہ کالجوں کو یونیورسٹی کے مقرر کردہ معیارات پر نہ صرف پورا اترنے کرنے کی کوشش کرنی چاہئے بلکہ اس سے بھی ایک آگے بڑھنا چاہئے۔

یونیورسٹی کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ ان کے طلبا ایسی تعلیم حاصل کریں جو یونیورسٹی کی توقعات کے مطابق ہو۔پراجیکٹ کوآرڈینیٹر ایچ ای ڈی پی کے علاوہ اختتامی تقریب میں ڈائریکٹر کوالٹی ایشورنس ایجنسی ایچ ای سی آصف حسین اور ایچ ای سی کے دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی جنہوں نے اپنے کلیدی خطابات میں اعلیٰ تعلیم میں کوالٹی ایشورنس کی اہمیت پر زور دیا۔
Live بلوچستان سے متعلق تازہ ترین معلومات