۱غیر معیاری خوراک کی تیاری و فروخت اور ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں، بلوچستان فوڈ اتھارٹی

جمعرات 5 دسمبر 2024 20:50

$ کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2024ء) غیر معیاری خوراک کی تیاری و فروخت اور ملاوٹ کرنے والے عناصر کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی بلا امتیاز کاروائیاں جاری ہیں ۔ اس ضمن میں اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیموں نے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں اور ضلع تربت میں زائد المعیاد خوردنی مصنوعات کی فراہمی اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 1 کیٹرنگ یونٹ سربمہر جبکہ 15 کھانے پینے کے مراکز مالکان پر جرمانے عائد کردئیے ۔

جرمانہ کیے گئے مراکز میں کیٹرنگ یونٹس ، نان شاپ، آر او پلانٹ ، بیکنگ یونٹس اور جنرل اسٹوز شامل تھے ۔ دوران انسپیکشن جنرل اسٹوز و دیگر فوڈ سینٹرز سے پکڑی گئیں زائد المعیاد مصنوعات کی بڑی مقدار تلف کردی گئی ۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی عتیق اللہ خان کا اس سلسلے میں کہنا ہیکہ عوام تک بہتر معیار کی و ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہم دن رات کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

اتھارٹی کے اقدامات کا مقصد اشیا خوردونوش کی کوالٹی بہتر بنانا اور اس حوالے سے فوڈ بزنس آپریٹرز کی اصلاح ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کے مطابق صوبہ بھر میں تمام خوردنی مصنوعات تیار و سپلائی کرنے والے مینوفیکچررز کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی سے لائسنس یافتہ اور رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے تاکہ عوام الناس تک معیاری مصنوعات کی فراہمی یقینی بناکر جعل سازی کا مکمل تدارک ممکن بنایا جائے۔

عتیق اللہ خان نے مراکز مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ دوران انسپیکشن بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے نمائندوں سے بھرپور تعاون کریں اور یقینی بنائیں کہ مینوفیکچررز کی تفصیلات و ایکسپائری ڈیٹ وغیرہ کے بغیر اشیا خوردونوش فروخت نہ کریں جبکہ اشیا کا تمام تر ٹریسیبلٹی ریکارڈ موجود رکھیں تاکہ اصل و جعلی اشیا کی تفریق ممکن ہو ۔انہوں نے اس سلسلے میں عوام سے بھی گزارش ہے کہ اشیا خورونوش خریدنے سے قبل لیبل پر درج معلومات اور تیاری و تاریخ تنسیخ وغیرہ لازمی پڑھیں جبکہ اس حوالے سے کسی بھی شکایت کی صورت میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو اطلاع دیں۔