پہلا ٹی ٹونٹی، جنوبی افریقہ کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ کیلئے پاکستان کی پلیئنگ 11 کا اعلان کردیا گیا، سینئر کھلاڑی کو قومی ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 10 دسمبر 2024 20:34

پہلا ٹی ٹونٹی، جنوبی افریقہ کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
ڈربن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 دسمبر 2024ء ) تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان طویل کرکٹ سیریز کا آج سے آغاز ہو گا۔ دونوں ٹیمیں سیریز کے افتتاحی میچ کے سلسلے میں ڈربن میں آمنے سامنے آئیں گی۔ سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے پاکستان کی پلیئنگ 11 کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

ٹیم میں فاسٹ باولر حسنین شاہ کو شامل نہیں کیا گیا، قومی ٹیم نے 3 فاسٹ باولرز اور 2 اسپنرز کے ساتھ ڈربن کے میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جنوبی افریقہ کیخلاف پاکستان کی پلیئنگ 11 میں کپتان محمد رضوان، بابر اعظم، صائم ایوب، عثمان خان، عرفان خان نیازی، طیب طاہر، شاہین شاہ آفریدی، حارث روف، عباس آفریدی، ابرار احمد اور صفیان مقیم کو شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز ایک نیا چیلنج ہے، ٹیم نے آسٹریلیا اور زمبابوے میں اچھی پرفارمنس دی، یہاں بھی بہترین نتائج کیلئے پر عزم ہیں۔ڈربن میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان وائٹ بال ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ماضی کی پرفارمنس ہمارے لیے معنی نہیں رکھتی، ہہاں پر سیریز کے لیے آئے ہیں، یہ ایک چیلنج ہے۔

محمد رضوان نے کہا کہ امید ہے جیسی پرفارمنس کھلاڑیوں نے آسٹریلیا اور زمبابوے میں دی یہاں بھی دیں گے، پاکستان کے نوجوان کھلاڑی باصلاحیت ہیں۔محمد رضوان نے کہا کہ چیمپئنز کپ کیلیے پانچ ٹیمیں بنی ہیں۔ چیمپئنز کپ سے نئے نئے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں آزمایا گیا۔ نئے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل سطح پر کھیلنے کا تجربہ بھی مل رہا ہے۔ جونیئر کھلاڑی سینئرز کے تجربے سے سیکھ رہے ہیں۔

محمد رضوان نے کہا کہ اوورسیز کی کنڈیشنز میں کھیلنا ہمیشہ سے چیلنجنگ ہوتا ہے، ہوم کنڈیشنز میں فائدہ ہوتا ہے، فینز اور شائقین کی سپورٹ ملتی ہے۔ محمد رضوان نے کہا کہ آسٹریلیا اور زمبابوے کی کنڈیشنز مختلف تھیں، جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز الگ ہوں گی۔ کوشش کریں گے آسٹریلیا اور زمبابوے کے تجربے سے یہاں فائدہ اٹھائیں۔قومی ٹیم کے کپتان نے اوپنر فخر زمان سے متعلق کہا کہ سب جانتے ہیں فخر گیم چینجر ہیں لیکن وہ بیمار ہیں اور امید ہے جلد صحتیاب ہو کر قومی ٹیم میں واپس آئیں گے۔