خیبر میڈیکل یونیورسٹی کےوائس چانسلر کی زیر صدارت اکیڈمک کونسل کا 31واں اجلاس

بدھ 11 دسمبر 2024 18:18

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2024ء) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق کی زیر صدارت اکیڈمک کونسل کا 31واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں 30ویں اکیڈمک کونسل اجلاس کی روداد کی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں کے ایم یو کے کیمپسز میں مقامی طلباء کے داخلے کو یقینی بنانے کے لیے ڈومیسائل کی بنیاد پر کوٹہ مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔

یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آئی ایچ ایس ڈیرہ اسماعیل خان میں بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے طلبہ کے لیے کچھ نشستیں مخصوص کی جائیں گی۔ اس ضمن میں تفصیلات طے کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں ڈائریکٹر اکیڈمکس، رجسٹرار کے ایم یو، اور پروفیسرڈاکٹر جواد احمدشامل ہوں گے۔ اجلاس میں اوپن اینڈ ڈسٹنس لرننگ پالیسی کی منظوری کے ساتھ ساتھ 2024 کے لیےریگولیٹری فریم ورک کو بھی منظور کیا گیا،اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) کے قواعد کے مطابق بی ڈی ایس پروگرام کو پانچ سالہ فریم ورک کے میں تبدیل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس تبدیلی سے نہ صرف ڈینٹسٹری کے معیار میں بہتری آئے گی بلکہ بیرون ملک ملازمت اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع بھی آسان ہوں گے۔ اسی طرح ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں کلینیکل سبجیکٹ کے ڈپلومہ کورسز، فارنزک میڈیسن اینڈٹاکسیکولوجی میں پی ایچ ڈی اور دیگر تعلیمی پروگرامز کی بھی منظوری دی گئی۔