&بلوچستان ہمارے آبااجداد کی سرزمین اور مجھے اپنے مادر وطن سے محبت ہے،نوابزادہ لشکری رئیسانی

بدھ 11 دسمبر 2024 22:35

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2024ء) سینئر سیاستدان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ بلوچستان ہمارے آبااجداد کی سرزمین ہے اور مجھے اپنے مادر وطن سے محبت ہے،قومی وطن کا سودا کرکے حاصل کئے گئے اقتدار و منصب پر لعنت بھیجتا ہوں، 2018 کے انتخابات میں حلقہ کے عوام کے چھینے گئے مینڈیٹ کا مقدمہ سات سال بعد آج بھی سپریم کورٹ میں لڑ رہا ہوں،مائنس بلوچستان سیاست قبول نہیں، صوبے کی عزت، وقار اور ناموس کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔

یہ بات انہوں نے سراوان ہاس میں جماعت اسلامی کے صوبائی امیر رکن بلوچستان اسمبلی ہدایت الرحمن بلوچ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ قبل ازیں جماعت اسلامی کے صوبائی امیر و رکن بلوچستان اسمبلی ہدایت الرحمن بلوچ نے سینئر سیاست دان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کو 29 دسمبر کو کوئٹہ میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی، وفد سے گفتگو کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان ہمارے آباواجداد کی سرزمین ہے اور مجھے اپنے مادر وطن سے محبت ہے، تمام تر مصائب اور تکالیف کے باوجود اپنے مادر وطن کو چھوڑ کر نہیں گئے صوبے کی عزت، وقار اور ناموس کیلئے ہونے والی ہر جدوجہد میں شامل رہیں گے، انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں مائنس بلوچستان سیاست کررہی ہیں اور ہمیں مائنس بلوچستان سیاست قبول نہیں ہے، بلوچستان کی عزت، ناموس، وقار اور سماج کو تبدیل کرنے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اہم شخصیات میرے پاس آئیں اور پیش کش کی میں نے انکار کیاکیونکہ قومی وطن کا سودا کرکے حاصل کئے گئے اقتدار و منصب پر لعنت بھیجتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265 کے عوام کے چھینے گئے مینڈیٹ کا مقدمہ آج بھی سپریم کورٹ میں لڑ رہا ہوں تاہم سات سال بعد بھی فیصلہ نہیں ہوا اگر سات سال مزید لگے بھی تو پیچھے نہیں ہٹوں گا یہ میرے ووٹرز کا حق ہے۔