فلائی جناح کا دبئی اور لاہور کے درمیان براہِ راست پروازوں کا اعلان

مسافروں کو لاہور سے متحدہ عرب امارات کے دو بڑے شہروں شارجہ اور دبئی تک براہ راست رسائی حاصل ہوگی

Sajid Ali ساجد علی پیر 15 ستمبر 2025 13:16

فلائی جناح کا دبئی اور لاہور کے درمیان براہِ راست پروازوں کا اعلان
لاہور/دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 ستمبر 2025ء ) پاکستان کی پرائیویٹ ایئرلائن فلائی جناح نے دبئی اور لاہور کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ خلیجی میڈیا کے مطابق پاکستانی کیریئر فلائی جناح نے لاہور کو دبئی سے ملانے والی اپنی نئی سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جو 29 اکتوبر 2025 سے شروع ہوگی، جس کے تحت ایئرلائن علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے درمیان نان سٹاپ پروازیں چلائے گی، یہ پروازیں ہفتے میں دو بار ہر بدھ اور اتوار کو آپریٹ ہوں گی۔

بتایا گیا ہے کہ فلائی جناح کی طرف سے پہلے ہی شارجہ سے پروازیں چلائی جارہی ہیں، جس کا مطلب ہے کہ مسافروں کو اب لاہور سے متحدہ عرب امارات کے دو بڑے شہروں شارجہ اور دبئی تک براہ راست رسائی حاصل ہوجائے گی جب کہ پاکستانی کیریئر کی موجودہ منزلوں میں ریاض، جدہ، دمام اور بحرین جیسے دیگر بین الاقوامی مقامات بھی شامل ہیں، ان روٹس پر پروازوں کیلئے ایئرلائن 6 ایئربس A320 طیاروں کے جدید بیڑے پر فخر کرتی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ فلائی جناح کے طیارے ’SkyTime‘ سے لیس ہیں، یہ ایک مفت ان فلائٹ سٹریمنگ سروس ہے جو مسافروں کو تفریح ​​کے وسیع انتخاب کو براہ راست ان کے آلات پر منتقل کرنے کی اجازت دیتی ہے، ایئر لائن ایک لائلٹی پروگرام ’ایئر ریوارڈز‘ بھی پیش کرتی ہے، جس کے ذریعے مسافر پوائنٹس حاصل، ٹرانسفر اور خرچ کر سکتے ہیں، صارفین اب فلائی جناح کی ویب سائٹ پر جا کر، کمپنی کے کال سینٹر پر کال کرتے ہوئے یا پھر ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے اپنی پروازیں بک کرسکتے ہیں۔