Live Updates

عمران خان کو توشہ خانہ ٹو میں سزا ہو تب ہی القادرکیس میں ضمانت ملے گی‘ یہ سکرپٹ ہے، علیمہ خان

القادر کیس میں چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے اپنی نوکری پکی کرلی لیکن کیس نہیں سن رہے، جج شاہ رخ ارجمند اور جسٹس ڈوگر کی آپس میں کوارڈینیشن ہے؛ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 15 ستمبر 2025 12:10

عمران خان کو توشہ خانہ ٹو میں سزا ہو تب ہی القادرکیس میں ضمانت ملے گی‘ ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 ستمبر 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور ملک کے سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے یہ لوگ عمران خان کوایک اور مقدمے میں سزا سنانے جا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت ہوئی جس کے لیے عمران خان کی بہنیں علیمہ خان، نورین اور عظمی اڈیالہ جیل پہنچیں، پی ٹی آئی رہنماء سینیٹر علی ظفر اور رائے سلمان بھی اڈیالہ جیل پہنچے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ میں آج بھی مین سٹریم میڈیا سے بات نہیں کروں گی کیوں کہ کیمروں کے سامنے تین چار پلانٹڈ لوگوں کو بدتمیزی کے لیے بھیجا جا رہا ہے، میں نہیں چاہتی کہ پھر ان کو بدتمیزی کا موقع ملے جس سے ہمارے کارکن پھر اشتعال میں آئیں اور ان کی گرفتاریاں ہوں، حالاں کہ دو سال سے میڈیا یہاں کوریج کر رہا ہے کسی نے بد تمیزی نہیں کی، اب پلانٹڈ لوگوں کو ماحول خراب کرنے کیلئے بھیجا جا رہا ہے، جس پر میرے اور کارکنان کیخلاف ایک اور مقدمہ درج کیا گیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت جلدی میں کی جارہی ہے کیوں کہ یہ لوگ عمران خان کو ایک اور مقدمے میں سزا سنانے جارہے ہیں، اس حوالے سے بانی پی ٹی آئی کو بھی معلوم ہے سزا سنائی جانی ہے، القادر کیس میں چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے اپنی نوکری پکی کر لی ہے لیکن کیس نہیں سن رہے، ان کو القادر میں چھ مہینے پہلے ضمانت دے دینی چاہئیے تھی، جج شاہ رخ ارجمند اور جسٹس ڈوگر کی آپس میں کوارڈینیشن ہے، عمران خان کو توشہ خانہ ٹو کیس میں سزا ہوگی تب ہی القادر ٹرسٹ کیس میں اُنہیں ضمانت ملے گی یہ سکرپٹ لکھا ہوا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات