سوشل میڈیا سٹار احمد شاہ کے چھوٹے بھائی کا انتقال ہوگیا

ان کی وفات کی خبر احمد شاہ کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی

Sajid Ali ساجد علی پیر 15 ستمبر 2025 11:48

سوشل میڈیا سٹار احمد شاہ کے چھوٹے بھائی کا انتقال ہوگیا
ڈیرہ اسماعیل خان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 ستمبر 2025ء ) ملک کے معروف کم عمر سوشل میڈیا سٹار احمد شاہ کے چھوٹے بھائی کا انتقال ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے مشہور ننھے سٹار احمد شاہ کے چھوٹے بھائی عُمر شاہ انتقال کرچکے ہیں، احمد شاہ کے تصدیق شدہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے یہ خبر سامنے آئی، اس حوالے سے کی جانے والی پوسٹ میں کہا گیا کہ ’ہمارے خاندان کا ننھا چمکتا ستارہ عمر شاہ خالقِ حقیقی سے جا ملا‘۔

احمد شاہ کی جانب سے مداحوں سے درخواست کی گئی ہے کہ ’عمر شاہ کی مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبرکی دعا کریں‘، اہل خانہ نے بتایا کہ ’سانس کی نالی میں رکاوٹ کی وجہ سے گزشتہ رات عمر شاہ کی طبیعت اچانک خراب ہوئی، جس پر انہیں ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے‘، اس سے پہلے گزشتہ برس جولائی میں عمر کی آنکھوں میں موتیا کی وجہ سے ان کی سرجری بھی ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ عمر شاہ اپنے بڑے بھائی احمد کے ہمراہ رمضان ٹرانسمیشن میں شریک ہوتے رہے ہیں جہاں سے انہیں شہرت ملی اور ان کے کئی کلپس بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے کیوں کہ عمر شاہ اپنی معصوم مسکراہٹ، پیارے انداز اور شرارتی طبیعت کی وجہ سے مداحوں میں بے حد مقبول ہوئے، جس کے بعد وہ اکثر اپنے بڑے بھائی احمد شاہ کے ساتھ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی ویڈیوز اور ٹی وی شوز میں بھی دیکھے گئے۔