نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی کے پہلے 60 سیکنڈ ریلز فلم مقابلہ جات کے نتائج کا اعلان

جمعرات 12 دسمبر 2024 22:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2024ء) نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی کے پہلے 60 سیکنڈ ریلز فلم مقابلہ جات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے، اس کا عنوان امن کی ثقافت کی آبیاری کرنا تھا۔ مقابلہ میں ملک بھر سے امیدواروں نے حصہ لیتے ہوئے اپنی تخلیق شدہ ریلز نیکٹا میں جمع کرائیں۔ مستند پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے حامل نامور افراد کی بطور منصفین خدمات لی گئیں تاکہ شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس موقع پہ ڈائریکٹر جنرل نیکٹا کمیونیکیشنز اینڈ آؤٹ ریچ صالحہ ذاکر شاہ نے حاضرین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے نوجوان تخلیق کار کسی صورت بھی ٹیلنٹ میں کسی سے کم نہیں اور اپنی تخلیقی ترقی کی سوچ کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ہر میدان میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈی جی نے مزید کہا کہ امن کے حوالے سے تمام کاوشوں سے نیکٹا نہ صرف عوام الناس کو روشناس کراتا ہے بلکہ نوجوان نسل کو اپنی تخلیقی مہارتوں کو آزمانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیکٹا آئندہ مستقبل میں بھی تمام شراکت کاروں کو اعتماد میں لے کر ایسے صحت مندانہ اقدام جاری رکھے گا تاکہ مل جل کر انتہا پسندی اور دہشت گردی کے مقابلہ کیا جاسکے اور ملک عزیز امن کا گہوارہ بن سکے۔ دریں اثنا اس موقع پر سینئر اینالسٹ کمیونیکیشنز اینڈ آؤٹ ریچ ونگ نے عدنان خالق بھٹی نے منصفین اور دیگر شرکاء کو ان مقابلہ جات کے بارے بریف کرتے ہوئے بتایا کہ دور جدید کے ذرائع ابلاغ کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے نیکٹا نوجوان نسل کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا مکمل موقع فراہم کر رہا ہے تاکہ نوجوان مثبت طرزِ فکر وعمل کو اپنائیں اور شدت پسندی سمیت دیگر رویوں کو یکسر مسترد کریں تاکہ اس سے ملک کے لئے یقینی طور فخر کا باعث بن سکیں ۔

مقابلہ جات کے نتائج مرتب کرنے کے لئے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عقیل احمد، پروڈیوسر پی ٹی وی مطیع الرحمان ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی ڈویژن محمد سلمان نے بطور منصفین شرکت کی ۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس مری انعم خالد ، اینالسٹ حیدر عباس ، جونیئر اینالسٹ ادریس خان اور دیگر شعبوں میں امور سر انجام دینے والے سے افراد موجود تھے۔

واضح رہے کہ حتمی نتائج کے مطابق مقابلہ میں پیش کی جانے والی ریلیز میں بھکر سے وسیم اشرف ٹیم نے پہلی پوزیشن لے کر 75 ہزار روپے ، ضلع کرک سے مناظر حسین نے دوسری پوزیشن حاصل کر کے 60 ہزار روپے اور مریم ماہین ٹیم نے تیسری پوزیشن پا کے 40 ہزار روپے کی مستحق قرار پائیں۔ شرکانے نیکٹا کے اس اقدام کو نہ صرف سراہا بلکہ مستقبل میں بھی جاری رکھنے کی امید ظاہر کی ۔