انسداد دہشتگری عدالت نے حماد اظہر، میاں اسلم اقبال سمیت پی ٹی آئی کے آٹھ رہنمائوں کو اشتہاری قرار دیدیا

ہفتہ 14 دسمبر 2024 23:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2024ء) لاہور کی انسداد دہشتگری عدالت نے گزشتہ سال نو مئی کے واقعات میں کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے کے الزام میں درج مقدمے میں حماد اظہر، میاں اسلم اقبال سمیت آٹھ پی ٹی آئی رہنمائوں کو اشتہاری قرار دیدیا۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کیسز پر سماعت کی۔ عدالت نے تھانہ نصیر آباد کے مقدمے میں پولیس کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ملزمان گرفتاری کے ڈر سے روپوش ہو چکے ہیں۔ وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوئے مگر گرفتار نہ ہو سکے۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنما میاں اسلم اقبال حماد اظہر، مراد سعید کے اشتہاری جبکہ زبیر خان نیازی حامد رضا گیلانی، محمد جاوید عبد الصمد اور واثق قیوم کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنمائوں کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیئے۔