ملک کے بیشتر شہروں میں دھند کا راج، حد نگاہ صفر، موٹر ویز مختلف مقامات سے بند رہی

بدھ 18 دسمبر 2024 11:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2024ء)ملک کے بیشتر شہروں میں دھند کے باعث موٹر ویز کو مختلف مقامات سے بند رکھا گیا۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم ون پشاور سے رشکئی ،موٹر وے ایم 2 کو لاہور سے ہرن مینار تک جبکہ موٹر وے ایم 3 لاہور سے جڑانوالہ تک بند رکھی گئی ۔موٹر ویز کی بندش کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

حد نگاہ بہتر ہونے پر موٹرویز کو مرحلہ وار ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ۔ترجمان موٹر وے پولیس نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات میں سفر کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے بچا جا سکے۔ترجمان کے مطابق شہری معلومات اور مدد کے لئے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔