وفاقی حکومت نے گریڈ 19 سے 21 تک ترقیوں کے لئےسینٹرل سلیکشن بورڈ کا شیڈول جاری کر دیا ، اجلاس 23 دسمبر تا 27 دسمبر تک جاری رہے گا

بدھ 18 دسمبر 2024 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2024ء) وفاقی حکومت نے گریڈ 19 سے 21 تک ترقیوں کے لئےسینٹرل سلیکشن بورڈ کا شیڈول جاری کر دیا ۔ چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر)اختر نواز ستی کی سربراہی میں سی ایس بی کا اجلاس 23 دسمبر تا 27 دسمبر تک جاری رہے گا ۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن و سیکرٹری سینٹرل سلیکشن بورڈ منظور علی شیخ کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق پیشہ وارانہ گروپس ، سروسز اور ایکس کیڈر پوسٹوں کے گریڈ 19 سے 20 اور گریڈ 20 سے 21 میں ترقیوں کے لئے چا ر روزہ اجلاس 23 دسمبر ، 24 دسمبر، 26 دسمبر اور 27 دسمبر کو کابینہ سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوگا ۔

چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی سربراہی میں سینٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس ہوگا ۔ پارلیمنٹرین اراکین میں سینیٹر سعدیہ عباسی ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا ، جاوید حنیف خان کے علاوہ پنجاب سے امداد اللہ بوسال ، سندھ سے رابعہ جویری آغا، کے پی سے سید ظفر علی شاہ ،بلوچستان سے غیاث الدین احمد ، عہدے کی بناء پر ممبران میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ، کابینہ ڈویژن ، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز ، کوآپٹڈ ممبران میں سیکرٹری داخلہ ، متعلقہ وزارتوں اور ڈویژن کے سیکرٹریز ،ڈی جی آئی بی اور ڈی جی آئی ایس آئی شامل ہونگے ۔