کرم ،قبائلی لشکرکشی کے دوران لاپتہ ڈاکٹر طلاء محمدکی موت کی تصدیق ، نماز جنازہ ادا کردی گئی

جمعرات 19 دسمبر 2024 19:15

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2024ء) قبائلی ضلع کرم کی لوئر تحصیل کے علاقہ بگن پر قبائلی لشکرکشی کے دوران لاپتہ ہونے والے بزرگ قبائلی و معروف معالج ڈاکٹر طلامحمدکی موت کی تصدیق ہوگئی جسے تقریباً ایک ماہ قبل22 نومبر کی شب قبائلی لشکر نے اپنے آبائی علاقہ بگن سے بیوی‘ دو ڈاکٹر بیٹیوں اوربھتیجے سمیت اغواء کرلیا تھا جہاں نامعلوم دہشت گردوں نے ان کے جواں سال بھتیجے کو دوسرے ہی روز قتل کردیا تھا جبکہ ان کی ڈاکٹر بیٹیوں کو علی زئی میں مقامی شخص نے تلاش کرکے پناہ دی تھی جنہیں بعدازاں اپنے عزیزو اقارب کے سپردکردیا گیا تھا۔

باخبر ذرائع کے مطابق لشکرکشی کے دوران لاپتہ ممتاز معالج سرجن ڈاکٹر طلا محمد بنگش شہید کی موت کی تصدیق ان کے جسم کے ٹکڑوں کی ڈی این اے ٹیسٹ اور جیب میں رہ جانے والے کاغذ کے ٹکڑوں سے ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق مقتول ڈاکٹر طلامحمد کی نماز جنازہ بگن میں ادا کی گئی۔یاد رہے کہ تقریباً ایک ماہ قبل 22 نومبر کی شب مبینہ طورپر اپرکرم کے مختلف علاقوں سے علی زئی کے راستے آئے ہوئے مسلح افراد نے لوئر کرم کے علاقہ بگن پر دھاوابول کرجلاؤ گھیراؤ کے نتیجے میں دیگر سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا تھا اورپورے گاؤں اورسینکڑوں دکانوں اور مارکیٹوں کو نذرآتش کردیا تھا اوراس دوران بچوں اور خواتین سمیت 30 سے زائد افرادکے خون سے اپنے ہاتھ رنگ لئے تھے جبکہ کئی مرد وخواتین کو یرغمال بنا کر اپنے ساتھ لے گئے تھے جن میں ڈاکٹر طلامحمد اور ان کے خاندان کے افراد بھی شامل تھے ۔

متعلقہ عنوان :