اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام ٹیک لانسر سمٹ 2.0 کا انعقاد

پیر 23 دسمبر 2024 17:08

بھاولپورر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2024ء) آئی یو بی فری لانسنگ پروموشن سوسائیٹی ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام ٹیک لانسر سمٹ 2.0 کا انعقاد کیا گیا۔ ٹیک لانسر سمٹ 2.0 میں پاکستان بھر اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سے فارغ التحصیل فری لانسنگ میں نام پیدا کرنے والے طلبا وطالبات نے شرکت کی۔

آئی یو بی فری لانسنگ سوسائٹی کے ایڈوائزر ڈاکٹر فہیم مشتاق باجوہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوسائٹی کے زیر اہتمام سال بھر سٹوڈنٹس کو فری لانسنگ کے لیے مختلف ٹیکنالوجیز کی ورکشاپ اور سیمینارز کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ نوجوان اپنا مستقبل سنوارنے کے ساتھ ساتھ ملک وقوم کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران اور ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز پروفیسر ڈاکٹر عبد الرؤوف ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افئیرز کا سوسائٹی کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر نسرین اخترڈین فیکلٹی آف آن لائن اینڈ ڈسٹنس ایجوکیشن نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور فاصلاتی تعلیم کے ذریعے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تدریس و تحقیق میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ ڈاکٹر شہزاد احمد خالد ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز نے کہا کہا کہ اسوقت ملک میں فری لانسنگ کے مختلف ذرائع سے 3 ارب ڈالر کی برامدات کی جا رہی ہیں جس میں نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے غیر معمولی اضافہ ممکن ہے۔

حکومت پنجاب لاہور بزنس ڈسٹرکٹ میں ای بزنس اور فری لانسنگ کے لیے جدید سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے اس سلسلے میں ڈیجیٹل ساؤتھ پنجاب، ٹیک نیشن، ای روزگار سمٹ اور ٹیک لانسر سمٹ سیریز کے ذریعے نوجوانوں کے لئے فری لانسنگ اور آن لائن کاروبار سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ذریعے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں ٹیک پورہ کا منصوبہ ضرور پائیہ تکمیل کو پہنچے گا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس سوسائٹیز ڈاکٹر عدنان بخاری نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں سٹوڈنٹس سوسائٹیز نیٹورک کے ذرئعے فری لانسنگ کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ نامور فری لانسر محمد توقیر نے آج کے دور میں فری لانسنگ کی اہمیت اور ضرورت پر روشنی ڈالی۔ ٹیک لانسر سمٹ کے اختتام پر ایک شاندار مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔ صدارت معروف شاعر جناب اجمل فرید نے کی اور نظامت کے فرائض الطاف ملک کو ایڈوائزر آئی یو بی فری لانسنگ پروموشن سوسائٹی نے انجام دیئے۔ مشاعرے میں پاکستان بھر سے معروف ونامور شعرائے کرام نے شرکت کی۔ شعرائے کرام میں ڈاکٹر ذیشان اطہر، اظہر فراغ، تہذیب حافی، مژدم خان، ضیا مذکور، اعجاز رافع، حیدر بخاری، عبداللہ ضریم اور مبشر رحمان شامل تھے۔