شہید بینظیر بھٹو گرلز کیڈٹ کالج لاڑکانہ میں یوم والدین کی تقریب کا انعقاد

پیر 23 دسمبر 2024 20:30

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2024ء) کیڈٹ کالج لاڑکانہ اور شہید بینظیر بھٹو گرلز کیڈٹ کالج لاڑکانہ کی جانب سے 33 ویں یوم والدین کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی شہید کیڈٹ کیپٹن حیدر عباس کے والد سید عباس حسن، پرنسپل کیڈٹ کالج لاڑکانہ ریٹائرڈ بریگیڈیئر غلام رضا، اساتذہ، طلباء، والدین اور معززین نے شرکت کی۔

تقریب میں چاق و چوبند دستے نے مہمان خصوصی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ تقریب میں کیڈٹ نے چیمپین ہاؤس جھنڈے کی تبدیلی اور مارچ پاسٹ میں حصہ لے کر کراٹے اور جمناسٹک شو کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے شرکاء سے خوب داد وصول کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے چیمپین ہاؤس کا علم شاہ بہارو ہاؤس کے حوالے کیا اور رنر اپ پوزیشن ذوالفقار علی بھٹو نے حاصل کی۔

(جاری ہے)

سال کے بہترین کیڈٹ کا اعزاز چیف کیڈٹ کیپٹن مبشر اعجاز نے حاصل کیا، شہید بے نظیر بھٹو گرلز کیڈٹ کالج لاڑکانہ کی بہترین کیڈٹ آف دی ایئر علیزہ مطاہر قرار پائیں جنہیں مہمان خاص نے انعامات اور شیلڈز سے نوازا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ میرے لیے باعث فخر و صد افتخار ہے کہ آج میں کیڈٹ کالج لاڑکانہ کے 33 ویں سالانہ یوم والدین کے موقع پر موجود ہوں، کیڈٹ کالج لاڑکانہ قوم کے بیٹوں کے ساتھ ساتھ بیٹیوں کی بھی بہترین تربیت میں اہم کردار رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج محض ایک ادارہ نہیں بلکہ کردار، نظم و ضبط اور قیادت کا گہوارہ بھی ہے جو اس کے کیڈٹس کو نہ صرف اہلیت کے حامل افراد بلکہ باشعور اور بہادر شہری بھی بناتا ہے۔ پرنسپل بریگیڈیئر (ر)غلام رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیڈٹ کالج لاڑکانہ کو ہمیشہ دیگر شعبوں میں اپنا حصہ ڈالنے کا اعزاز حاصل رہا ہے ، اس کے علاوہ قومی دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں میں میجر مجاہد علی میرانی شہید، کالج کے ایڈجوٹنٹ کیپٹن شاہد بشیر اور کیپٹن حیدر عباس شہید شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ادارے کو اپنی تعلیمی کامیابیوں پر فخر ہے، اس سال ہمارے کیڈٹ ایس ایس سی ٹو، ایچ ایس سی ٹو اور ایف ایس سی کے امتحانات میں سو فیصد رزلٹ کے ساتھ پاس ہوئے جس میں 103 نے الفا پلس اور 30 الفا گریڈز میں پاس ہوئے۔