کامسٹیک اور یونیورسٹی آف سرگودھا کا پناہ گزین سائنسدانوں کے لیے فیلوشپ پروگرام پر اتفاق

بدھ 25 دسمبر 2024 16:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2024ء) پاکستان اسلامی تعاون تنظیم کی مستقل قائمہ کمیٹی کامسٹیک اور یونیورسٹی آف سرگودھا نے کامسٹیک کے پناہ گزین اور بے گھر محققین و سائنسدانوں کے لیےخصوصی فیلوشپ پروگرام ’’ کامسٹیک سائنس ایکسائل پروگرام‘‘ کے حوالہ سے مشترکہ تعاون پر اتفاق کیا ہے۔یہ فیصلہ کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور یونیورسٹی آف سرگودھا کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر احمد کے مابین ملاقات میں کیا گیا۔

یونیورسٹی آف سرگودھا کامسٹیک کنسورشیم آف ایکسی لینس کی رکن جامعہ بھی ہے۔ دوران ملاقات پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے اس منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں تنازعات کی وجہ سے لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جس سے تحقیق اور اعلیٰ تعلیم بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

یہ فیلوشپ پروگرام ان بے گھر اور پناہ گزین سکالرز کو موقع فراہم کرے گا جو ابھی تک کسی محفوظ میزبان ملک میں جگہ نہیں پا سکے، اس پروگرام کے تحت وہ محققین کامسٹیک کنسورشیم آف ایکسیلنس کے اداروں میں اپنی تحقیق جاری رکھ سکیں گے۔

اس پروگرام کے تحت افغانستان، فلسطین، صومالیہ، سوڈان، شام، لبنان اور یمن جیسے تنازعہ زدہ علاقوں کے سکالرز، محققین اور سائنسدانوں سے درخواستیں طلب کی جا رہی ہیں۔جس کا مقصد تعلیمی استحکام کو فروغ دینا اور بے گھر محققین کو ان کے قیمتی کام کو جاری رکھنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ فیلوشپ حاصل کرنے والے سائنسدانوں کے تمام سفری، ٹیوشن فیس، رہائش اور کھانے کے اخراجات برداشت کیے جائیں گے۔

وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل کا اس اہم فیلوشپ منصوبے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا پہلے ہی اپنے کیمپس میں بین الاقوامی طلبہ اور محققین کے لیے جدید ترین ہاسٹل کی سہولت فراہم کر رہی ہے اور اس منصوبے پر بھی مکمل تعاون کرے گی۔واضح رہے کہ یہ منصوبہ کامسٹیک کے پناہ گزین سائنسدانوں اور محققین کے لیے کامسٹیک کی عملی مدد، تعلیم و سائنس کے لیے جاری کوششوں اور مسلم کے سائنس دانوں کو تعاون فراہم کرنے کی عکاسی کرتا ہے۔