اسمبلی کی چند سیٹیں حاصل کرنا ہمارا مقصد نہیں ہے،محمد حسین محنتی

جمعہ 27 دسمبر 2024 23:24

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 دسمبر2024ء)سابق امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اسمبلی کی چند سیٹیں حاصل کرنا ہمارا مقصد نہیں ہے بلکہ ہمارا مقصد اس ملک میں اسلامی انقلاب ہے اس ملک میں محمد عربی کا نظام رائج کرنا ہے جماعت اسلامی سوسائٹی میںرائج عام معنوں میں روایتی سیاسی، مذہبی جماعت نہیں ہے، چند گوشوں اور رسومات تک محدود ہونے کے بجائے زندگی کے ہر شعبے میں اسلام کا غلبہ قائم کرنے کی عالمی تحریک ہے۔

بد قسمتی سے گزرتے وقت کے ساتھ یہ تصور اسلام لوگوں کی اکثریت کے ذہنوں سے نکل گیا ہے جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ دین دشمن بااثر طبقہ اشرافیہ زندگی کے اہم شعبوں پر فیصلہ کن طاقت کے ساتھ اقتدار پر قابض ہو کر من مانی کرنے لگا، آج ہمارے معاشرے میں دکھائی جانے والی بے چینی اور بد امنی کا واحد سبب اس طبقہ کی دین و دنیا میں پیدا کی ہوئی تقسیم ہے وقت کے ساتھ یہ تفریق مزید گہری ہو گئی ہے وہ دفتر جماعت اسلامی بہاول پور میں ضلعی شوری کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

محمد حسین محنتی نے کہا کہ بہاول پور ایک تاریخی اور اسلامی پسندوں کا شہر ہے بہاول پور کی عوام نے جماعت اسلامی کے رہنماء مرحوم ڈاکٹر سید وسیم اختر کو تین بار اپنے ووٹوں سے کامیاب کراکر پنجاب اسمبلی میں بھیجا جہان پر ڈاکٹر سید وسیم اختر نے عوام کے مسائل کے حل کے لیے تاریخی کام کیے اور بہاول پور صوبہ کا مقدمہ لڑا ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس غیر فطری زندگی کو ختم کرنے کی جدو جہد کر رہی ہے، اس سلسلے میں ساری سرگرمیوں کا محور و مرکز صرف اقامت دین ہے۔

جماعت اسلامی کے نمائندوں کو جب بھی عوامی خدمت کا موقع ملا بے پناہ صلاحیتو ں، امانت و دیانت کا مظاہرہ کیا،بنگلہ دیش میں بھی جماعت اسلامی کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی ان پر قید و بند کے پہاڑ توڑے گئے مگر وہ ثابت قدم رہے اور آج پہلے سے زیادہ منظم ہیں۔کراچی کے حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے محمد حسین محنتی نے کہا کہ شہر میں بڑھتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی متحرک ہے۔

انہوں نے کارکنان کو محلہ کمیٹیاں بنانے کی ہدایت دی تاکہ عوامی مسائل کے فوری حل اور دعوتی کام کو مزید منظم کیا جاسکے۔جماعت اسلامی کی شہر کی تعمیر وترقی کے حوالے سے خدمت کی تاریخ ہے، عوام نے جب بھی جماعت اسلامی کو نمائندگی دی اس نے تعمیر و ترقی کے مثالی کام کروائے، اسی وجہ سے لوگ آج تک عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کے دور میں کروائے گئے ترقیاتی کاموں کو یاد کرتے ہیں۔

ضلعی امیر نصرللہ خان ناصر نے شوری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ۔ انہوں نے کہا کہ ہم خدمت کو عبادت سمجھتے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ مسائل کے حل کے ساتھ عوام میں دین اور پاکستان سے محبت بھی پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہ سیاست دان ضداورہٹ دھرمی چھوڑ کر سیاسی مسائل کا سیاسی حل نکالیں۔ قومی ترجیحات پر قومی ڈائیلاگ ہی بحرانوں کا حل ہے۔ سیاسی، جمہوری، پارلیمانی قیادت ریاستی اداروں کے سہارے تلاش نہ کرے۔ ان بدترین حالات کی مکمل ذمہ داری سیاسی قیادت پر ہوتی ہے۔