بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موسم سرما کی پہلی برفباری

چمن ،زیارت کے پہاڑوں پربرفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا

جمعہ 3 جنوری 2025 22:36

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2025ء) بلو چستان کے مختلف اضلاع میں موسم سرما کی پہلی برفباری ، چمن اور زیارت کے پہاڑوں پربرفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو بلوچستان کے مختلف علاقوں چمن اور زیارت میں سال 2025کی پہلی برفباری کے بعد پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ،محکمہ موسمیات کے مطابق کھوجک پاس، توبہ اچکزئی ، خواجہ عمران ، زیارت ،ضلع چاغی کے علا قے برآبچہ رباط کرتاکا، گزے گون ،پتکوک ،صالحان باسلانی ،کان مہترزئی کے پہاڑی سلسلوں پر برفباری سے درجہ حرارت منفی 7 ڈگری تک پہنچ گیا جبکہ میدانی،علاقوں میں درجہ حرارت منفی 3سے چار تک ریکارڈ کیا گیا ہے ، محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو کوئٹہ، پشین، مستونگ، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور زیارت ،ہرنائی، قلات، بارکھان اور شیرانی میں بھی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

(جاری ہے)

محکمہ این ایچ اے حکام کے مطابق برف کو شاہراہ سے ہٹانے کیلئے گریڈر کا استعمال کیا جارہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔ دوسری جانب شدید سردی میں کوئٹہ کے علا قے نواں کلی، سریاب روڈ، جوائنٹ روڈ، میکانگی روڈ، سبزل روڈ سمیت مختلف علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔