علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی سینٹرل لائبریری میں تحقیقی نمائش کا انعقاد

بدھ 8 جنوری 2025 17:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی سینٹرل لائبریری میں(پوسٹر پریزنٹیشنز)کے نام سے گذشتہ روز ایک تحقیقی نمائش کا انعقاد ہوا ،جس میں شعبہ لائبریری سائنس کے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلباء و طالبات نے اپنے اپنے تحقیقی کام کو شوکیس کرایا۔ 28تحقیقی مقالے نمائش میں رکھے گئے تھے جس میں 10پی ایچ ڈی کے جبکہ 18ایم فل کے طلبہ کے مقالے شامل تھے۔

یونیورسٹی کے فیکلٹی آف سوشل سائنسز اینڈ ہیومینیٹیز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے نمائش میں رکھے گئے تمام پراجیکٹس کا معائنہ کیا۔ سکالرز نے باری باری اپنے اپنے تحقیقی پراجیکٹس پر انہیں پریزنٹیشنز دیں۔شعبہ لائبریری سائنس کی کاوش کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے کہا کہ تحقیق کوسماجی و معاشرتی ضرورتوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے اور طلبہ کے تیار کردہ یہ تمام تحقیقی پراجیکٹس آج کی ضرورتوں کی عین مطابق ہیں۔

(جاری ہے)

لائبریریوں کی تاریخ، ضرورت اور اہمیت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک دور تھا کہ لائبریریاں معاشرے کا مرکزی مقام ہوا کرتی تھیں، نئی نسل میں کتابیں پڑھنے کا رجحان وہ نہیں جو کسی زمانے میں تھا۔ ڈاکٹر ساحر کا کہنا تھا کہ معاشرے میں بلند مقام پانے کے لئے کتاب سے دوری کو ختم کرنے اور قدیم دوستی کو پھر سے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ریسرچ بیسڈ اِس پوسٹر پریز نٹیشنز کا اہتمام شعبہ لائبریری اینڈانفارمیشن سائنس نے کیا تھا۔

لائبریری سائنس کے چیئرمین ڈاکٹر پرویز احمد کے مطابق اس نمائش کا مقصد سکالرز کی حوصلہ افزائی اور طلبہ کے تحقیقی کام کو اجاگر کرنا تھا۔ریسرچ کام کی نگرانی شعبہ لائبریری سائنس کی سینئر فیکلٹی ممبر، ڈاکٹر منزہ جبین کررہی تھیں۔ نمائش کے حوالے سے اُنہوں نے کہا کہ ریسرچ کے ڈومین میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبہ کا کورس مکمل ہوگیا تھا، پوسٹر پریذنٹیشنز کا مقصداِن سکالرز کو پوسٹر بنانے، ڈسپلے کرنے اور اپنی تحقیق پر گفتگو کرنے کا موقع فراہم کرنا تھا۔

یاد رہے کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے تعلیم کے معیار اور ریسرچ کلچر کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز کھی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ملک کی سماجی و معاشی ترقی کے لئے تحقیقی مقالوں کو مارکیٹ تک پہنچانے کی ضرورت ہے، بدقسمتی سے ملک کی زیادہ تر جامعات میں تحقیقی مقالے یونیورسٹی کی ریکارڈ تک رہ جاتے ہیں، ہم نے تحقیقی کام کو لائبریری کی شیلفوں سے نکال کر مارکیٹ تک پہنچانا ہے۔ تعلیم و تحقیق پر خاص توجہ کا واضح ثبوت یہ ہے کہ ٹائمز ہائر ایجوکیشن امپیکٹ رینکنگ2024ء رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی نے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف میں ایس ڈی جی 4(معیاری تعلیم)کی درجہ بندی میں پاکستان کی 89جامعات میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔