موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں نوجوان اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ، رومینہ خورشید عالم

جمعہ 10 جنوری 2025 13:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2025ء) وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹربرائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ عالمی حدت میں بتدریج اضافہ ہورہاہے، پاکستان نے کاپ 29 میں موسمیاتی مذاکرات کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا، پاکستان نے ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے مفادات میں توازن پیدا کیا۔

وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹربرائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں نسٹ یونیورسٹی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کاشمارموسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملکوں میں ہوتاہے، درجہ حرارت 1.5 تک محدودکرنے کے پیرس معاہدے پرعمل نہ ہوسکا ہے۔ رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ پاکستان نے 9 سالہ مذاکراتی عمل کے بعد آرٹیکل 6 پر اتفاق کیلئے اہم کردار ادا کیا، کاربن کے اخراج میں کمی لانے کے اقدامات کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2025 میں شروع ہونے والے منصوبوں کیلئے 730 ملین ڈالرز سے زائد وعدے کئے گئے۔ رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ پاکستان میں2022 میں آنے والے سیلاب نے تباہی مچائی، سیلاب کے دوران خواتین زیادہ متاثر ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ ناگہانی آفات میں نقصانات کوکم سے کم کرنے کیلئے عوام میں آگاہی ضروری ہے۔ وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹربرائے موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پر نسٹ کا وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ تعاون خوش آئندہے، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں نوجوان اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ محفوظ آب وہوا کے اہداف کیلئے ہمیں ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہوگا، ماحولیاتی تحفظ کے پیش نظرصنعت میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کاپ میں پاکستان کا کردار قابل اعتماد رہا ہے، پاکستان نے کاپ میں مثبت کردار ادا کیا، دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہوگی، کاپ میں پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ملکوں کی نمائندگی کی۔ انہوں نے کہا کہ کاپ میں پاکستان نہ صرف اپنی جنگ لڑی بلکہ تمام متاثرہ ملکوں کی نمائندگی کی۔