چیئرمین بھگت سنگھ میموریل فائونڈیشن امتیاز رشید قریشی کا پی آر او میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور طارق مجید کو ہرجانے کا لیگل نوٹس

جمعہ 10 جنوری 2025 23:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جنوری2025ء) چیئرمین بھگت سنگھ میموریل فائونڈیشن امتیاز رشید قریشی نے اسلام اور پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے، فارن فنڈنگ وصول کرنے اور دیگر سنگین الزامات لگانے پر پبلک ریلیشنز آفیسر میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور طارق مجید کو خالد زمان کاکڑ ایڈووکیٹ کے ذریعے 50 کروڑ روپے ہرجانے کا لیگل نوٹس بھجوادیا ہے۔

(جاری ہے)

وکیل نے نوٹس میں تحریر کیا ہے کہ ان کا موکل ایک محب وطن اور مخلص شہری ہے، اس نے کبھی بھی پاکستان اور اسلام کے تشخص کو مجروح نہیں کیا، پاکستان اور بیرون ملک کبھی کسی سے ایک پیسہ نہیں لیا، امتیاز رشید قریشی قومی اور بین القوامی سطح پر ایک معروف شخصیت ہیں جو معاشرے میں امن اور ہم آہنگی کے لیے اپنے کام میں شہرت رکھتے ہیں ملک اور دین اسلام کے ساتھ وفا داری سے وابستہ ہیں، اسلام ان کا ایمان ہے بلکہ ان کی زندگی ایک طریقہ اور مشن ہے ان کے موکل اپنی تمام فلاحی حب الوطنی اور سماجی سرگرمیاں اپنی کمائی سے کرتا ہے، کوئی مثال نہیں ملتی کہ انہوں نے قومی یا بین االقوامی سطح پر انفرادی یا کسی ادارے سے کوئی پیسہ وصول کیا ہو، پاکستان سمیت دنیا کے کئی حصوں میں ممتاز شخصیات کے بہت سے مجسمے نصب ہیں، میرے موکل کا مقصد دو قوموں یعنی پاکستان اور ہندوستان کو قریب لانا ہے تاکہ ایک عام آدمی دوستی اور اچھی ہمسائیگی سے فائدہ اٹھا سکے، شادمان چوک کو بھگت سنگھ کے نام سے منسوب کرنے اور وہاں اس کا مجسمہ لگانے کے توہین عدالت کیس میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں آپ نے میرے موکل اور اس کے والد جو کہ 3 سال قبل فوت ہو چکے ہیں پر بے بنیاد اور انتہائی توہین آمیز الزامات لگائے ہیں جس سے ان دونوں کی ساکھ شدید متاثر ہوئی ہے اور ان کی شہرت کو نقصان ہوا ہے، آپ 15 دن کے اندر میرے موکل سے غیر مشروط معافی مانگیں اور انہیں 50 کروڑ روپے کی رقم بطور ہرجانہ ادا کریں ورنہ آپ کے خلاف دیوانی اور فوجداری قانونی کارروائی کی جائے گی۔