پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں کپاس کی 3ملین ایکڑاگیتی فصل کا شت کروائیں گے ،ایف پی سی سی آئی

منگل 14 جنوری 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2025ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے نائب صدر و ریجنل چیئرمین ذکی اعجاز،یوبی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر، ٹاسک فورس برائے زراعت کے چیئرمین شام لال منگلانی،شہزاد علی ملک،خالد تواب،خالد کھوکھر اور دیگر رہنمائوں نے کہا ہے کہ پنجاب،سندھ اور بلوچستان میں کپاس کی 3ملین ایکٹراگیتی فصل کا شت کروائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکے ، اگر 35من فی ایکڑ پیداوار ہوتو3ملین ایکڑ کی کاشت سے 8ملین بیلز پیدا ہو گی اور ملک کو 8ملین ڈالر کا فائدہ ہو گا اورامپورٹ بل میں کمی واقع ہو گی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آئی پی پیزکے ساتھ معاہدے ختم ہونے کے بعد مارچ اور اپریل تک بجلی 10سے 12روپے سستی ہو جائے گی،بجلی کا یونٹ 26روپے ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

حکومت شرح سود 6فیصد تک لے کر آئے۔انہوں نے مزید کہاکہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پر پوری توجہ دے رہے ہیں،ہم سب نے مل کر ملک کو بحران سے نکالنا ہے۔سیڈ کی امپورٹ پرلگائی گئی پابندی ختم ہونی چاہئے۔

انہوں نے مزید کہاکہ کسان کو اس کی فصل کی قیمت ملنی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کپاس کی پیداوار 15ملین سے کم ہو کر 5ملین تک آ چکی ہے جس کو دوبارہ 15ملین تک لے کر جانا ہے۔ کپاس کی اچھی اور زیادہ پیداوار سے ہم نہ صرف اپنی ایکسپورٹ بڑھا سکتے ہیں بلکہ ملک میں بے روزگاری کو بھی کم کر سکتے ہیں۔انہوں نے کسانوں پر زور دیتے ہوئے کہاکہ کپاس کی اگیتی کاشت کی جائے تاکہ درجہ حرارت زیادہ ہونے سے پہلے فصل تیار ہو جائے۔انہوں نے کہاکہ کپاس نہ صرف ہمارے ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے بلکہ یہ واحد فصل ہے جو ہماری 60فیصد ایکسپورٹ کا خام مال بھی ہے، کپاس ایک نقد آور فصل ہے، ہم سب مل کر کپاس کی بحالی کے لیے اپناکردار ادا کریں گے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔