گجرات ،عدالت نے قتل مقدمے میں مونس الٰہی کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ واپس لے لیا

بدھ 15 جنوری 2025 21:50

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2025ء) عدالت نے گجرات میں درج قتل مقدمے میں مونس الٰہی کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ واپس لے لیا ۔بدھ کو گجرات کے سیشن مجسٹریٹ سیف اللہ تارڑ نے بیگم قیصرہ الٰہی کی جانب سے مونس الٰہی کو اشتہاری قرار دینے کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل پر سماعت کی۔ دوران سماعت مونس الٰہی کیخلاف گجرات میں درج قتل اور معاونت کا مقدمہ جھوٹا ثابت ہو گیا جہاں عدالت نے مدعی اور گواہان کے بیانات حلفی کے بعد مونس الٰہی کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ واپس لے لیا۔

(جاری ہے)

مقدمے کے مدعی محمد اکرم اور گواہان محمد اسجد اور سجاد اشرف نے عدالت میں اپنے بیان حلفی جمع کروائے، مدعی محمد اکرم نے سیشن مجسٹریٹ کے روبرو بیان میں کہا کہ مونس الٰہی پر ہم نے کبھی کوئی الزام نہیں لگایا۔مدعی محمد اکرم نے کہا کہ مونس الٰہی کا اس مقدمے سے کوئی تعلق یا واسطہ نہیں ہے، ہم اس معاملے میں مونس الٰہی کے خلاف کارروائی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے مذکورہ وارنٹ غیر قانونی طور پر حاصل کیا ہے لہٰذا مونس الہی کے خلاف وارنٹ گرفتاری معطل کئے جائیں۔