سٹیبلشمنٹ سے براہ راست مذاکرات خوش آئند ہیں ، بیرسٹر گوہر

چیئرمین پی ٹی آئی نے بھی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کرنے کی تصدیق کر دی، آرمی چیف سے ملاقات میں پی ٹی آئی کے تمام معاملات اور مطالبات سامنے رکھے ہیں، امید ہے اب صورتحال بہتر ہو جائے گی، چیئرمین پی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 16 جنوری 2025 14:34

سٹیبلشمنٹ سے براہ راست مذاکرات خوش آئند ہیں ، بیرسٹر گوہر
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جنوری 2025)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہرکا کہنا ہے کہ سٹیبلشمنٹ سے براہ راست مذاکرات خوش آئند ہیں،امید ہے اب صورتحال بہتر ہو جائے گی، پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بھی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کرنے کی تصدیق کر دی، راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میری اور علی امین گنڈا پور کی آرمی چیف سے علیحدگی میں ملاقات ہوئی ہے۔

ہماری ملاقات پشاور میں ہوئی تھی۔اس ملاقات میں دوسری طرف سے مثبت پیغام ملاہے۔آرمی چیف سے ملاقات میں پی ٹی آئی کے تمام معاملات اور مطالبات سامنے رکھے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں ملکی استحکام کے حوالے سے تمام امور پر بات چیت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ہم نے آرمی چیف جنرل عاصم منیرکے سامنے پارٹی کو درپیش مختلف مسائل کا بھی ذکر کیا ہے جس کا ہمیں مثبت جواب ملا ہے ۔

اگر کوئی بات چیت شروع ہوئی تو یہ نہایت خوش آئند بات ہے ۔ہم نے اپنا سارا معاملہ ان کے سامنے بیان کیا ہے ۔ملاقات میں ملکی استحکام کے حوالے سے بھی مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور نے بھی آرمی چیف سے اپنی اور بیرسٹر گوہر کی ملاقات ہونے کی تصدیق کی تھی۔اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ آرمی چیف سے میری ملاقات سیکیورٹی سے متعلق ہوئی تھی۔

آرمی چیف نے تمام پارٹی سے بھی ملاقات کی تھی جس میں بیرسٹر گوہر بھی موجودتھے۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کھلے مذاکرات ہو رہے ہیں تو بیک ڈور کی ضرورت نہیں تھی۔ صحافی نے جب ان سے سوال کیا کہ سیکیورٹی امور پر ملاقات ہوئی تھی اس میں کیا طے پایا؟ جس پر انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ سیکیورٹی سے متعلق تو میری ملاقات ہوئی تھی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بیک ڈور اور آفیشل رابطے بھی ہوتے رہتے تھے۔ ان رابطوں میں پارٹی کا موقف اپنے لیڈر بانی چیئرمین کا موقف دیتا رہتا تھا جو حالات چل رہے تھے ان کا ذکر اور ان پر بحث ہوتی رہتی تھی۔