نوشہرہ ،چار رکنی ڈکیت گروہ کا اہل خانہ پر تشدد، زیورات، نقدی لوٹ کر فرار

جمعرات 16 جنوری 2025 20:00

نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2025ء) نوشہرہ کے تھانہ جلوزئی کے علاقہ جبہ خشک میں الصبح ڈکیتی کی واردات ،چار رکنی ڈکیت گروہ نے اہل خانہ کو زد و کوب کرکے کمرے میں پڑے ہوئے صندوق سے طلائی زیورات اور لاکھوں روپے کی نقدی لیکر فرار ہوگئے،ڈکیت گروہ نے فرار ہوتے وقت آزادانہ طور پر ہوائی فائرنگ کی ،پولیس نے مالکن مکان کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی جبکہ ڈکیت گروہ کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ،اس سلسلے میں مسما گل راج بی بی زوجہ امداد خان ساکن جبہ خشک نے اپنے جواں سالہ بیٹے شاہد اللہ خٹک کے ہمراہ پولیس کو یوں رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ میرا شوہر امداد خان اسلام آباد میں منحت مزدوری کرتا ہے جبکہ گھر میں میں اپنے بیٹے شاہد اللہ خٹک اور بہو و بیٹیوں کے ساتھ رہائش پذیر ہوں جمعرات کے روز صبح تقریبا 6بجے میں نے اپنے کمرے کا دروازہ کھولا تو اس دوران چار مسلح افراد نامعلوم نے ہمارے گھر میں داخل ہوکر مجھے گلے سے پکڑ کر زد و کوب کیا اور پھر میرے رہائشی کمرے میں جاکر کمرے میں پڑے صندوق کے تالے توڑ کر تین تولے طلائی زیورات اور ڈھائی لاکھ روپے نقدی نکال کر اپنے ساتھ لے کر فرار ہوگئے ،مدعیہ کے مطابق ڈکیت گروہ نے فرار ہوتے وقت ہمیں ڈرانے دھمکانے کی غرض سے آزادانہ طور پر ہوائی فائرنگ شروع کردی جبکہ چاروں ڈکیت سامنے آنے پر شناخت کر بھی سکتی ہوں ،پولیس نے مسما گل راج بی بی زوجہ امداد خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی جبکہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ۔