سوشل میڈیا سے فیکٹ چیک کے خاتمے پر یورپی یونین کا مباحثہ کرانے کا فیصلہ

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے تجویز کردہ سسٹمز پر ڈی ایس اے کے مطابق عمل در آمد کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،وائس پریزیڈنٹ ٹیکنالوجی

ہفتہ 18 جنوری 2025 16:50

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2025ء)یورپی یونین امریکی سوشل میڈیا کمپنیز میٹا اور ایکس کی جانب سے فیکٹ چیک کے خاتمے کے اعلان کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کو یورپی پارلیمنٹ میں زیر بحث لانے کافیصلہ کیاہے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یورپی یونین امریکی سوشل میڈیا کمپنیز سے فیکٹ چیک کے خاتمے کے بعد اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرنے جا رہی ہے۔

اس حوالے سے ایک یورپی سفارت کار نے بتایاہے کہ یورپی یونین پارلیمنٹ نے یورپ کے ڈیجیٹل مستقبل پر مباحثہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیساتھ ایلون مسک اور مارک زکربرگ کے اتحاد کے بعد یورپین یونین کی سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ڈی ایس اے امریکی کمپنیوں کے فیکٹ چیک پروگرام کے خاتمے کے بعد مستقبل کے لائحہ عمل کیلئے سنجیدگی سے سوچ رہی ہے۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یورپی یونین کی وائس پریزیڈنٹ برائے ٹیکنالوجی ہینا ورکونن نے کہا کہ ہم سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے تجویز کردہ سسٹمز پر ڈی ایس اے کے مطابق عمل در آمد کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ٹیک جائنٹ ایلون مسک پر جرمنی کے الیکشن میں دخل اندازی کے الزامات کی ابھی تحقیقات جاری ہیں۔دوسری جانب مارک زکر برگ ایک پوڈ کاسٹ کے دوران یورپی یونین کی جانب سے ایک امریکی کمپنی پر 30بلین ڈالرز سے زیادہ جرمانہ عائد کرنے کا الزام لگا چکے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اسپینش فیکٹ چیکر مالڈیتا کے پالیسی ہیڈ کارلوس ہرنینڈس نے بتایا کہ غلط معلومات کے پھیلاؤ پر یورپین ڈیجیٹل سروس ایکٹ کو امریکی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے خلاف کوئی بامعنی قدم اٹھانا ہو گا جس سے وہ ہچکچا رہی ہیں، قانون کتابوں میں ہے، جسے اب نافذ کرنا ہو گا۔