چوہدری اسلم شہید کا مشن جاری رہے گا، کراچی پریس کلب پر شمعیں روشن

پیر 20 جنوری 2025 23:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2025ء) سندھ پولیس کے بہادر اور نڈر جوان، شہید چوہدری اسلم کی گیارہویں برسی کے موقع پر کراچی پریس کلب کے باہر شمعیں روشن کر کے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر شہید کی اہلیہ نورین اسلم، ان کے فیملی ممبران اور شہید چوہدری اسلم کے چاہنے والوں کی بڑی تعدادموجود تھی، شرکاء نے اس موقع پر عہد کیا کہ شہید کا مشن کبھی نہیں رکے گا۔

شہید چوہدری اسلم کی یاد میں منعقد کی جانے والی اس تقریب میں ان کی قربانیوں کو یاد کیا گیا، جنہوں نے سندھ پولیس کی صف اول میں رہ کر دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑی اور اپنی جان قربان کر دی۔ شہید کے چاہنے والوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ چوہدری اسلم کے مشن کو پورے عزم کے ساتھ جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

اس سال کی برسی میں ایک افسوسناک لمحہ تب آیا جب شہید چوہدری اسلم کی اہلیہ نورین اسلم کی بہن کا اچانک انتقال ہوگیا، تاہم اس دکھ بھری گھڑی میں بھی نورین اسلم نے اپنے شوہر کی یاد میں شمعیں روشن کرنے کا فیصلہ کیا اور اپنے عزم کو مزید مضبوط کیا کہ چوہدری اسلم کا مشن جاری رہے گا۔

نورین اسلم نے اس موقع پر کہا کہ آج جب میں اپنے شوہر کی گیارہویں برسی منا رہی ہوں، دل دکھ کے باوجود مجھے یقین ہے کہ چوہدری اسلم کا مشن نہ صرف سندھ پولیس کے ہر جوان کے دل میں زندہ رہے گا، بلکہ ان کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنیں گی۔شہید چوہدری اسلم کی برسی پر ان کے چاہنے والوں کا یہ پیغام تھا کہ دہشت گردی کے خلاف ان کا عزم اور لڑائی کبھی نہیں رکے گی۔

شمعیں روشن کر کے شہید کے مشن کو زندہ رکھنے کا عہد کیا گیا اور یہ پیغام دیا گیا کہ چوہدری اسلم کے راستے پر چلتے ہوئے پولیس اور عوام مل کر ہر چیلنج کا مقابلہ کریں گے۔ شہید چوہدری اسلم کے چاہنے والے آج بھی ان کے مشن کی تکمیل کے لیے ایک ہیں، اور ان کا مشن ہمیشہ زندہ رہے گا۔بیگم نورین اسلم نے اس موقع پر تمام شرکاء کا شکریہ اداکیااور نیک تمنائوں اور دعائوں میں تقریب کا اختتام کیاگیا۔