کمشنر حیدرآباد کی زیر صدارت حضرت لعل شہباز قلندر رح کے سالانہ عرس مبارک کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

جمعہ 24 جنوری 2025 22:28

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2025ء) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن کی زیر صدارت حضرت سید عثمان مروندی المعروف لعل شہباز قلندر رح کے سالانہ 773ویں عرس مبارک کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن نے کہا کہ لعل شہباز قلندر کے عرس مبارک کے دوران ملک بھر سے 20 لاکھ سے زائد زائرین کی آمد متوقع ہے، زائرین کو تمام سہولیات میسر کریں گے، عرس مبارک کے موقع پر سیہون میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہو گا، جبکہ اڑل واہ اور دانستر واہ میں نہانے پر 144 نافذ کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ عرس مبارک کے دوران سندھ کی روایتی ثقافتی کھیل ملھ ملاکھڑا، سگھڑن جی کچہری، ادبی کانفرنس اور محفل موسیقی سمیت دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، سیہون عرس پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے لئے حیسکو حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ سیہون شریف میں عرس مبارک کے دوران بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے گریز کریں اور پہلے سے فنی خرابیوں کودرست کرنے کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ عرس مبارک کے دنوں میں سیہون میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ ہوگی، محکمہ صحت کا عملہ اور ادویات 24 گھنٹے میسر ہونگے، کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ سیہون میلہ ایک میگا ایونٹ ہے اس میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی، قلندر پر پورے ملک سے لاکھوں زائرین آتے ہیں جو ہمارے مہمان ہیں، زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے، اس موقع پر اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری نے بتایا کہ قلندر کے عرس پر تمام ادارے مل کر کام کریں گے، سیہون شہر میں سی سی ٹی وی کئمرے نصب کیے جائیں گے جس کے ذریعے شھر بہر کی سیکیورٹی کی نگرانی کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے سیہون میں عرس سے قبل تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کرنے کا حکم جاری کیا جس کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر سیہون کو سونپ دی گئی۔ ڈویزنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن نے محکمہ بلدیات کو سیہون شھر کی صفائی ستھرائی اور فائر بریگیڈ فعال حالت دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایات دی۔ انہوں نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو ہدایت کی کہ وہ سیہون شریف میں پینے کے صاف پانی کی فراھمی کو یقینی بنائیں جس پر متعلقہ محکمہ افسران نے یقین دلایا کہ مذکورہ مسئلہ بہت جلد حل کرکے انہیں رپورٹ پیش کریں گے۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جامشورو/ چیئرمین شہباز میلہ کمیٹی غضنفر علی قادری،ایس ایس پی جامشورو محمد ظفر صدیق چھانگا، ایس ایس پی اسپیشل برانچ حیدرآباد عامر عباس شاہ،چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف سندھ، اسسٹنٹ کمشنر سیہون و سیکرٹری میلہ کمیٹی محمد وقاص ملوک، ڈائریکٹر سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ سیہون ڈاکٹر معین الدین صدیقی،ڈی ایچ او جامشورو ڈاکٹر عبدالحمید کھونہارو، ڈی ایس پی سیہون احمد بخش راہوجو، خادم قلندر فقیرممتاز علی منگی، ایس ایس پی موٹروے پولیس، سمیت پاک آرمی، رینجرز، محکمہ اوقاف، ڈسٹرکٹ پولیس، اسپیشل برانچ، محکمہ ثقافت، موٹروے پولیس، این ایچ اے، حیسکو، محکمہ تعلیم،محکمہ صحت، محکمہ اطلاعات سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

بعد ازاں کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن نے مزار حضرت لعل شہباز قلندر رح پر حاضری دیکر فاتح خوانی کی اور مزار قلندر پر انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔