جامعہ سندھ کا سپورٹس کوٹہ کے تحت داخلوں کیلئے مختلف کھیلوں کے ٹرائلز 29 جنوری کو لینے کا اعلان

پیر 27 جنوری 2025 19:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2025ء) جامعہ سندھ جامشورو نے تعلیمی سال 2025ء میں سپورٹس کوٹہ کے تحت داخلوں کیلئے مختلف کھیلوں کے ٹرائلز کا شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے تحت ٹرائلز 29 جنوری کو لیے جائیں گے۔ ڈائریکٹر سپورٹس (بوائز) اجوید احمد بھٹی نے اپنے جاری کردہ اعلامیہ میں مطلع کیا ہے کہ جامعہ سندھ میں تعلیمی سال 2025ء میں سپورٹس کوٹہ کے تحت داخلوں کے خواہشمند امیدواروں کے مختلف کھیلوں کے ٹرائلز 29 جنوری 2025ء کو لیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اعلامیہ کے مطابق کرکٹ کے ٹرائلز 29 جنوری کو صبح ساڑھے دس بجے سندھ یونیورسٹی پی سی بی گراؤنڈ میں لیے جائیں گے تاہم ایتھلیٹکس، ٹیبل ٹینس، باکسنگ، تائی کوانڈو، فٹبال، ہاکی، بیڈ منٹن، چیس، والی بال، باسکٹ بال اور نیٹ بال/ تھرو بال کے ٹرائلز اسی تاریخ و وقت پر حیدر بخش جتوئی پویلین میں لیے جائیں گے۔ دوسری جانب طلباء کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹرائلز کے روز اپنا اصلی شناختی کارڈ اپنے ہمراہ لائیں ۔اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مذکورہ ٹرائلز میں حصہ لینے والے امیدواروں کی اہلیت کیلئے ان کی عمر 22 سال سے زیادہ ہونا لازمی ہے، نیز ان کی ذہنی و جسمانی صحت بھی بہتر ہونا ضروری ہے۔