عوام کی زندگی میں خوشحالی اور روزگار کی فراہمی ترجیح ہے،گیس کی قیمتوں سے متعلق نیا نظام لا رہے ہیں،حکومت کے بروقت اقدامات سے مہنگائی کی شرح 4فیصد پر آگئی ، وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک

پیر 27 جنوری 2025 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2025ء) وفاقی وزیر برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت کی ملکی ترقی اور خوشحالی پر خصوصی توجہ مرکوز ہے،عوام کی زندگی میں خوشحالی اور روزگار کی فراہمی ترجیح ہے۔ پیر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت گیس کی قیمتوں کے لیے ایک نیا اور منصفانہ نظام متعارف کرانے جا رہی ہے تاکہ غریب اور متوسط طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر گیس کی قیمتوں میں ایک پیسے کا بھی اضافہ نہیں کیا گیا کیونکہ حکومت نہیں چاہتی کہ گھریلو صارفین پر کوئی بوجھ ڈالاجائے ۔وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ حکومت کے بروقت اقدامات سے مہنگائی کی شرح 4فیصد پر آگئی ہے جبکہ کھانے پینے کی اشیاء کے حوالے سے مہنگائی کی شرح 2 فیصد پر آگئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں بتدریج کمی آرہی ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے ملک کی معیشت پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے اور مہنگائی کا خاتمہ کردیا ہے۔ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا ہے اور اسی طرح گیس کے کمرشل صارفین پر بھی کسی قسم کا کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اوگرا کی جانب سے گیس کی قیمت کا تعین کیا جاتا ہے اور اس وقت گیس کی قیمت 1770 روپے فی ملین کیوبک فٹ ہے۔

وزیر اعظم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہیں کیا جائے گا، تاکہ عوام کو اضافی بوجھ کا سامنا نہ ہو۔وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے دوران گیس کی قیمتوں میں 70 فیصد اضافہ کیا گیا، مگر موجودہ حکومت نے غریب عوام کو سہولت دینے کے لیے 64 فیصد افراد کو سستی گیس فراہم کرنے کی تجویز دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق کمرشل صارفین کے لیے بھی گیس کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

اس فیصلے سے عوام اور کاروباری طبقے کو ریلیف ملے گا۔ڈاکٹر مصدق ملک نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور حکومت میں عوام کی فلاح کے بجائے کمپنیوں کو اربوں ڈالر سے نوازا گیا ، پی ٹی آئی دور میں ایسے فیصلے کیے گئے جس کا خمیازہ عوام آج بھگت رہی ہے۔وفاقی وزیر پٹرولیم نے بانی پی ٹی آئی پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے 190 ملین پاؤنڈ ایک کاروباری شخصیت ملک ریاض کو دیے اور کرپشن کا انکار کیا جبکہ بدلے میں 450 کنال زمین لینے کے باوجود انہوں نے کرپشن کے الزامات کو مسترد کیا۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈز کیس کے حقائق عوام کے سامنے آچکے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ریاست مدینہ کا دعویٰ کیا تھا، لیکن ان کے اقدامات اس دعوے سے متضاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے برطانیہ میں شہزاداکبر کے ذریعے رقم منتقل کی اور پھر بھی خود کو کرپشن سے پاک ثابت کرنے کی کوشش کی۔وزیر پٹرولیم نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے پالیسی ریٹ میں مسلسل کمی ہو رہی ہے ،تمام شعبوں کو سستی گیس کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔\932